تمام مذاہب کو امن کے پْل تلاش کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔پوپ فرانسس
مورخہ 16جنوری 2025کوپوپ فرانسس نے البانیہ سے تعلق رکھنے والے مسلم بکتاشی آرڈر آف درویش کے ایک وفد کے ساتھ ویٹیکن میں ملاقات کی اور لوگوں کے درمیان پرامن بقائے باہمی کی تعمیر میں بین المذاہب مکالمے کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تنازعات اور تقسیم سے دوچار موجودہ دنیا میں بین المذاہب مکالمہ اور تعاون کی پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔
پوپ فرانسس نے وفد سے ملاقات کے دوران کہاکہ تمام مذاہب کو امن کے پْل تلاش کرنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہئیے۔کیونکہ جب بھی مذہبی رہنما باہمی احترام کے جذبے کے ساتھ جمع ہوتے ہیں تو بات چیت، باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کے ذریعے امن کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے خود کو پرْعزم کرتے ہیں، تو ایک بہتر اور زیادہ منصفانہ دنیا کے لیے ہماری اْمید کی تجدید اور تصدیق ہو جاتی ہے۔
پوپ فرانسس نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ یہ جماعت لوگوں کے درمیان بھائی چارے اور پرْامن بقائے باہمی کی خدمت کرتے ہوئے مزید مضبوط ہو گی۔
یاد رہے بکتاشی ایک مشہور مسلم صوفی جماعت ہے جس کی ابتدا 13ویں صدی میں ہوئی۔یہ جماعت محبت، رواداری، اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشہور ہے نیز کیتھولک چرچ اور ہولی سی کے ساتھ بین المذاہب مکالمے کے لیے ڈائکیسٹری کے ذریعے دوستانہ تعلقات قائم کرتی ہے۔