امن کو اپنانا اور عملی طور پر جینا ضروری ہے۔ پاپائے اعظم لیو چہار دہم

مورخہ 15اپریل 2026کوکیمرون کے اپنے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے امن، انصاف اور مشترکہ بھلائی کے لیے نئے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن کو محض ایک نعرہ بنا کر پیش نہیں کیا جانا چاہیے بلکہ اسے عملی زندگی میں اپنانا ضروری ہے۔
انہوں نے دارالحکومت Yaoundé کے صدارتی محل میں حکام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور سفارتی عملے سے خطاب کرتے ہوئے کیمرون کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی ثقافتی اور قدرتی تنوع کو اتحاد اور طاقت کا ذریعہ بنائیں۔اپنے اس رسولی سفر کے آغاز پر، پوپ لیو نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کیمرون کو اس کی ثقافتی و قدرتی خوبصورتی کی بنا پر”افریقہ کا خلاصہ“قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ تنوع کمزوری نہیں بلکہ ایک خزانہ ہے، جو بھائی چارے کا وعدہ اور پائیدار امن کی مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔اپنے آپ کومکالمہ، بھائی چارہ اور امن کا خادم اور چرواہاقرار دیتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ ان کا یہ دورہ کیمرون کے مومنین کے ساتھ قربت کا اظہار اور مشترکہ بھلائی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی ہے۔انہوں نے عالمی سطح پر مایوسی کے ماحول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگ خود کو درپیش چیلنجز کے سامنے بے بس محسوس کرتے ہیں، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خاص طور پر نوجوانوں میں انصاف، جرات مندانہ فیصلوں اور امن کی شدید خواہش موجود ہے اور انہیں ایک منصفانہ معاشرے کی تشکیل میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔پوپ لیو نے انسانی وقار اور مذہبی آزادی کے احترام کی بنیاد پر ویٹیکن اور کیمرون کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔انہوں نے مقدس اگسٹین کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار دراصل خدمت کا نام ہے۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ طاقت کی محبت کے بجائے عوام کے لئے اپنی ذمہ داری کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ حقیقی خدمت میں معاشرے کے تمام طبقات، خصوصاً اقلیتوں کی بھلائی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا شامل ہے۔پوپ لیو نے ملک کے شمال مغربی، جنوب مغربی اور دور شمالی علاقوں میں جاری تشدد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نے بے شمار جانیں لے لی ہیں، خاندانوں کو بے گھر کیا اور نوجوانوں سے اْمید چھین لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے پیچھے حقیقی انسانوں کے چہرے، کہانیاں اور ٹوٹے ہوئے خواب موجود ہیں۔انہوں نے ایک بار پھر تشدد اور جنگ کے راستے کو ترک کرنے اور محبت و انصاف پر مبنی امن کو اپنانے کی اپیل کی۔ اْن کے مطابق حقیقی امن ”بلا ہتھیار“اور”دلوں کو نرم کرنے والا“ہوتا ہے۔دنیا امن کی پیاسی ہے جنگ کافی ہو چکی،انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امن کو صرف الفاظ تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اْسے عملی زندگی اور ادارہ جاتی نظام میں بھی ظاہر ہونا چاہیے۔
پوپ لیو نے کہا کہ امن سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، خاص طور پر حکمرانوں کی، جنہیں عوام کی آواز سننی چاہیے اور اْن کی شمولیت سے پائیدار حل تلاش کرنے چاہئیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سماجی پالیسیوں کو”غریبوں کے لیے“نہیں بلکہ”غریبوں کے ساتھ مل کر“بنایا جانا چاہیے۔
سول سوسائٹی، نوجوانوں، خواتین کے گروپس، مزدور یونینز، این جی اوز اور مذہبی رہنماؤں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ افراد تنازعات کے حل، بے گھر افراد کی مدد اور مکالمہ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے خواتین کو”انتھک امن قائم کرنے والی“قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصلہ سازی میں اْن کی آواز کو مکمل اہمیت دی جانی چاہیے۔پوپ لیو نے شفافیت، قانون کی حکمرانی اور مضبوط اداروں کی اہمیت پر زور دیا اور حکام سے اپیل کی کہ وہ تقسیم کے بجائے اتحاد کا ذریعہ بنیں اور انسانی حقوق کا ہر حال میں احترام کریں۔انہوں نے کہا کہ حقیقی امن تب پیدا ہوتا ہے جب ہر شخص خود کو محفوظ اور باعزت محسوس کرے۔انہوں نے بدعنوانی کو ایک ایسی برائی قرار دیا جو اقتدار کو مسخ کر دیتی ہے اور اس کی ساکھ کو ختم کر دیتی ہے نیز انہوں نے رہنماؤں کو لالچ اور ناجائز منافع کی خواہش سے دور رہنے کی تلقین کی۔نوجوانوں کو ملک اور کلیسیا کا مستقبل قرار دیتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ بے روزگاری، محرومی اور سماجی مسائل اْن کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، تربیت اور کاروباری مواقع میں سرمایہ کاری امن کے قیام کے لیے نہایت اہم ہے اور یہ ہجرت، منشیات اور استحصال جیسے مسائل کو بھی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
پوپ لیو نے بین المذاہب مکالمہ کو فروغ دینے اور مذہبی رہنماؤں کو امن کے عمل میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تعلیم، صحت اور فلاحی خدمات میں چرچ کے کردار کو بھی اْجاگر کیا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے دْعا کی کہ خدا کیمرون کو برکت دے اور اس کے مومنین کو انصاف اور امن سے بھرپور مستقبل تعمیر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail