مقدس دامیان اور مقدس کاسمس
آپ دونوں جڑواں بھائی ہیں۔ آپ ملکِ شام میں پیدا ہوئے۔ آپ دونوں بھائی ماہرِ طبیب تھے۔ اور آپ کی حصوصیت یہ تھی کہ آپ مفت علاج کیا کرتے تھے کیونکہ آپ کو مال و دولت سے لگاؤ نہیں تھا۔ لوگ پیار سے آپ کو کنگلے بھائی کہا کرتے تھے۔ آپ کا قول یہ تھا کہ آپ ہر بیماری میں مسیح خداوند کو دیکھتے تھے۔ آپ ہر ایک کو مسیح خداوند کے بارے میں بتاتے تھے۔ اور لوگ بڑی شفقت سے آپ کی باتیں سنتے تھے۔ اِس طرح آپ کے وسیلے لوگوں کو نہ صرف جسمانی بلکہ روحانی شفاء بھی ملتی تھی۔ جب ایذارسانیاں زوروں پر تھیں تو لوگوں کے کہنے کے باوجود آپ جان بچانے کے لیے کہیں نہ گئے۔ جلد آ پ گرفتار کر لیے گئے۔ آپ کو سخت اذیتیں دی گئیں۔ ایمان کو جُھٹلانے کی ترغیب دی گئی۔ لیکن آپ ایک لمحے کے لیے بھی ایمان سے نہ پھرے۔ اور آخر کار 303خ س میں آپ کا سر تن سے جدا کرکے شہید کر دیا گیا۔
دُعا: اے مہربان خدا! تو انسانوں کے دِلوں میں اپنی لازوال محبت پیدا کرتا ہے جس کے وسیلے سے وہ اپنے ساتھیوں کی ضرورت میں مدد کرتے ہیں۔ مقدس دامیان اور کاسمس کی دُعاؤں سے ہمیں یہ فضل دے کہ ہم اپنے بیمار بہن بھائیوں کی خدمت کریں۔ نیز طب کے شعبے سے منسلک افراد کی بھی مناسب و معقول رہنمائی کریں۔ آمین۔