مقدسہ مریم (مسیحیوں کی مددگار)

مقدسہ مریم کی پاک لطانیہ میں،مقدسہ ماں کیلئے مختلف القابات استعمال کئے گئے ہیں جن میں ماں،کنواری اور ملکہ کا لقب بار بار استعمال ہوا ہے۔انِ اور دیگر القابات کے ساتھ ساتھ،پاک لطانیہ میں چار ایسی دْعائیں بھی شامل کی گئی ہیں جس کا تعلق براہ راست مومنین کے شخصی اور جماعتی تجربہ کے ساتھ جْڑا ہوا ہے۔یہ چار دْعائیں ”اے شفاء بیماروں کی“،  ”اے تسلی دلگیروں کی“، ”اے پناہ گناہ گاروں کی“،اور ”اے مدد مسیحیوں کی“  ہیں۔یہ دْعائیں در حقیقت مقدسہ مریم کے ساتھ مومنین کے گہرے ایمانی تجربے کا پھل ہیں۔  مقدسہ مریم کیلئے ”اے مدد مسیحیوں کی“ کا لقب ایمانداروں کا شخصی اور جماعتی تجربہ بھی ہے جو ایک تاریخی حقیقت ہے۔
 ”اے مدد مسیحیوں کی“  کیلئے ابتدائی طور پر لفظ Praesidiumاستعمال کیا گیاہے۔جس کے معنی معاون اور مددگار کے ہیں۔مقدسہ مریم کو جنگ اور مشکل وقت میں مدد فراہم کرنے والی ماں کے طور پر دیکھا اور محسوس کیا گیا ہے۔سن345میں مقدس جان کرِزاسٹم نے یہ لقب پہلی بار استعمال کیا۔اسِ کے علاوہ  دیگر آبائے کلیسیا نے بھی نے مقدسہ مریم کو ایمانداروں کی ماں کے طور پر پیش کیا۔1571میں یورپ کی کلیسیا پر ایک ایسا مشکل وقت آیا جب جنگ کے دوران یوں محسوس ہونے لگاکہ شاید یورپ سے مسیحی ایمان ختم کر دیا جائے اور مسیحیوں کو قیدی یا غلام بنا لیا جائیگا نیز جو باقی بچ گئے انھیں مسیحی ایمان ترک کر کے جینا پڑے گا۔انِ کٹھن حالات میں پو پ پائس پنجم نے تمام ایمانداروں سے پْر زور اپیل کی کہ وہ مقدسہ مریم سے یک دل ہو کر روزہ رکھ کر دْعا کریں تاکہ ِاس مشکل سے رہائی پائیں۔پاپائے اعظم کا کامل ایمان تھا کہ مقدسہ ماں انھیں بچائے گی اور حفاظت کرے گی۔درحقیقت ایسا ہی ہوا اور مقدسہ ماں نے اپنے بچوں کی مدد کی اور یورپ کو فتح نصیب ہوئی۔یورپ میں مسیحی ایمان نا صرف محفوظ رہا بلکہ آج تک قائم و دائم ہے۔
انیسویں صدی کے شروع میں شہنشاہ نپولین نے پاپائی ریاستوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی اور پاپائے اعظم پائس ہفتم کو ”ناپولی“چھوڑنا پڑا۔جنگ کے خاتمہ کے بعد پاپائے اعظم روم تشریف لائے اور انہوں نے مقدسہ مریم کی مدد کیلئے اْن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے 24مئی کو”اے مدد مسیحیوں کی“ عید کا اعلان کیا۔مقدسہ ماں ہماری مدد گار بن کر ہمیشہ ہمارے ساتھ رہتی ہے۔ہماری ہر مشکل میں ہمارے ساتھ کھڑی رہتی اور ہمیں اْس مشکل سے نکال لیتی ہے کیونکہ وہ ہماری ماں ہے۔جب ہم گِرتے ہیں تو وہ ہمیں اْٹھا لیتی ہے۔جب بیمار ہوتے ہیں تو وہ ”بیماروں کی شفا“بن کر ہمیں شفا دیتی ہے۔جب ہم دلگیر ہوتے ہیں تو وہ ”دلگیروں کی تسلی“ بن کر ہماری تسلی اور خوشی بن جاتی ہے۔جب ہم نا اْمید ہوتے ہیں تو وہ ہماری اْمید بن جاتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ایماندار ہمیشہ مقدسہ مریم کی مدد طلب کرتے ہیں اور اْس کی سفارشوں کی بدولت خدا سے برکات اور فضائل حاصل کرتے ہیں۔مقدسہ مریم مسیحیوں کی مدد نے ابتدا سے لے کر آج تک ہماری مدد کی ہے اور ہمیشہ اپنے بچوں کی مدد کرتی رہے گی۔ابتدائی کلیسیا سے کے کر آج تک مقدسہ مریم ایمانداروں کی حمایت کیلئے مددگار کے طور پر کھڑی ہے اْس کی مادرانہ مدد کا تجربہ شخصی اور جماعتی ہے جس کی تاریخ گواہ ہے۔
اس لئے یاد رکھیں مقدسہ ماں کا Rescue Mission جاری وساری ہے۔ایک دفعہ کال کر کے تو دیکھیں آپ مقدسہ مریم کی اپنے بہت قریب پائیں گے۔موجودہ حالات میں ہر کوئی پریشان اور دْکھی نظر آتا ہے۔اپنے دْکھوں سے چھٹکارا پانے کیلئے آئیں یقین کے ساتھ دْعا مانگیں، پورے ایمان سے مقدسہ ماں سے مدد حاصل کریں اور اپنی مشکلا ت سے نجات پائیں۔
اے مدد مسیحیوں کی۔۔۔ہمارے واسطے دْعا کر۔۔آمین
یاد رہے ”مقدسہ مریم مسیحیوں کی مدد گار“ کی عید 24مئی کو منائی جاتی ہے۔