مقدسہ مریم خدا کی ماں
یکم جنوری کو کیتھولک کلیسیا پوری دنیا میں نہایت عقیدت، شکرگزاری اور روحانی مسرت کے ساتھ ”مقدسہ مریم، خدا کی ماں“ کی عیدمناتی ہے۔ یہ عید مسیحی ایمان کے ایک بنیادی اور مرکزی عقیدے کی یاد دہانی ہے: کہ یسوع مسیح جومقدسہ مریم سے پیدا ہوا، حقیقی خدا اور حقیقی انسان ہے۔ اسی لیے مقدسہ مریم کو بجا طور پر”خدا کی ماں“کہا جاتا ہے۔ خدا نے انسان کی نجات کے لیے کسی فرشتے یا آسمانی مخلوق کو نہیں بلکہ ایک عاجز انسانی شخصیت کو منتخب کیااور وہ ہستی مقدسہ مریم تھیں۔جس نے اپنے ایمان اور فرمانبرداری کے ذریعے خدا کے منصوبہ کو قبول کیا اور نجات دہندہ کو جنم دیا۔ اْن کی”ہاں“ نے تاریخِ نجات کا رْخ بدل دیا۔
مقدسہ مریم کو”خدا کی ماں“کہنا مقدسہ مریم کی ذاتی عظمت کے علاوہ یسوع مسیح کی ذات کا اقرار ہے۔ کلیسیا ہمیشہ یہ سیکھاتی آئی ہے کہ یسوع ایک ہی شخصیت ہے، دو نہیں: وہ مکمل خدا بھی ہے اور مکمل انسان بھی۔ چنانچہ جس نے یسوع کو جنم دیا، اْس نے خدا کے مجسم کلام کو جنم دیا۔ اسی عقیدے کی تصدیق افسس کی کونسل (431ء) میں کی گئی، جہاں کلیسیا نے اعلان کیا کہ مقدسہ مریم کو خدا کی ما ں کہنا درست اور ضروری ہے۔
مقدس لوقا کی انجیل میں جبرائیل فرشتہ مقدسہ مریم کو سلام کرتا ہے:
سلام اے پْرفضل! خداوند تیرے ساتھ ہے(لوقا 1:28)
یہ الفاظ اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ مقدسہ مریم خدا کے خاص فضل سے بھرپور تھیں۔
بعد ازاں الیصابات روح القدس سے معمور ہو کر، مقدسہ مریم کے بارے میں کہتی ہے:
میرے لئے یہ بات کیسے ہوئی کہ میرے خداوند کی ماں میرے پاس آئی(لوقا 1:43)
یہ بیان نہ صرف مقدسہ مریم کی عظمت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ یسوع کی الوہیت کا بھی واضح اعتراف ہے۔
مقدسہ مریم کی زندگی ہر مسیحی کے لیے ایمان اور عاجزی کی بہترین مثال ہے۔ جب فرشتہ نے انہیں خدا کے منصوبے کے بارے میں بتایا تو انہوں نے جواب دیا:
میں خداوند کی بندی ہوں، میرے لئے تیرے قول کے موافق ہو(لوقا 1:38)
یہ الفاظ ہمیں سیکھاتے ہیں کہ حقیقی ایمان خدا پر مکمل بھروسہ کا نام ہے۔مقدسہ مریم نے دْکھ، تکلیف اور غیر یقینی حالات کے باوجود خدا کے منصوبے کو قبول کیا اور ہر لمحہ اْس کی مرضی کے مطابق وفادار رہیں۔
یکم جنوری کو کلیسیا جہاں مقدسہ مریم خدا کی ماں کی عید مناتی ہے وہیں عالمی یومِ امن بھی مناتی ہے۔ اس تناظر میں مقدسہ مریم کو ملکہ امن کے طور پر یاد کیا جاتا ہے، جو ہمیں اپنے بیٹے یسوع مسیح کی طرف لے جاتی ہیں، جو حقیقی امن کا سرچشمہ ہیں۔ آج کی بے چین اور پرْتشدد دنیا میں ماں مریم ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ حقیقی امن طاقت یا دولت سے نہیں بلکہ خدا کے ساتھ گہرے تعلق سے حاصل ہوتا ہے۔
نئے سال کے آغاز پرمقدسہ مریم، خدا کی ماں ہمیں دعوت دیتی ہے کہ ہم اپنی زندگیاں خدا کے سپرد کریں، اْس کی مرضی کو اپنی ترجیح بنائیں اوراپنے ایمان میں ثابت قدم رہیں۔ نیزاْن کی طرح ہم بھی دْعا، خاموشی اور خدا کے کلام پر غور کے ذریعے مسیح کو اپنے دلوں میں جگہ دیں۔
خدا کرے کہ مقدسہ مریم خدا کی ماں کی عید کے وسیلہ یہ نیا سال ہمارے لیے ایمان، امن، محبت اور خدا کے فضل سے بھرپور ہو، اور ہم اپنی زندگیوں سے دنیا میں مسیح کی گواہی دے سکیں۔آمین
مقدسہ مریم خدا کی ماں
ہمارے واسطے دْعا کر!