مریم مجدلی (پریم دیوانی)

مسیحی کلیسیاء 22جولائی کو مقدسہ مریم مجدلی کی عید مناتی ہے۔ اناجیل میں مقدسہ مریم مجدلی کو شاگردوں کے ساتھ نمایاں مقام حاصل ہے۔ وہ مثالی شاگردہ، باوقار مبلغہ اور قیامت المسیح کی گواہ ہے۔
'' یسوع نے اُس سے کہا ''مریم''اُس نے اُس کی طرف پھِر کر عبرانی زبان میں کہا''ربونی''(اے استاد)۔ یسوع نے اُس سے کہا مجھ سے نہ چمٹنا کیونکہ میں ہنوز اپنے باپ کے پاس اوپر نہیں گیا۔ مگر میرے بھائیوں کے پاس جا اور اُن سے کہہ کہ میں اپنے باپ اور تمہارے باپ کے پاس یعنی اپنے خدا اور تمہارے خدا کے پاس اُوپر جاتا ہوں۔ مریم مجدلی نے شاگردوں کو خبر دی کہ میں نے خداوند کو دیکھا ہے اور اُس نے مجھ سے یہ باتیں کہی ہیں۔ (یوحنا 20:16-18)''
مریم مجدلی خداوند یسوع مسیح کی اعلانیہ زندگی کے دوران اُس کے ساتھ ساتھ رہی۔
'' اور بعد میں وہ شہر شہر اور گاؤں گاؤں جا کر وعظ کرتا۔ اور خدا کی بادشاہی کی خوشخبر ی دیتا تھا۔ اور وہ بارہ اُس کے ساتھ تھے۔ اور کئی عورتیں بھی جو بدروحوں اور بیماریوں سے شفاء یاب ہوئیں تھیں یعنی مریم جو مجدلی کہلاتی ہے۔ (لوقا 8:1-3)''
''مریم مجدلی، یسوع کی ماں مریم اور چند دیگر خواتین یسوع کے ساتھ صلیبی راستے کی بھی ہمسفر رہیں۔ وہ مقدسہ مریم کے ساتھ خداوند کی صلیب کے نیچے موجود تھیں۔ 
''اور یسوع کی صلیب کے پاس اُس کی ماں اور اُسکی بہن، حلفائی کی بیوی مریم اور مریم مجدلی کھڑی تھیں۔ (یوحنا 19:25)''
مریم مجدلی پریم دیوانی ہے۔ وہ یسوع کی بشارتی زندگی میں اُس کے ساتھ تھی۔ اُس نے یسوع کو قریب سے دیکھا۔ اُسکی باتیں سنی۔ اور مختلف معجزات میں یسوع کی الہٰی قدرت او اختیار کا تجربہ کیاتھا۔ جی اُٹھے مسیح کو دیکھ لینے اور اُس سے ملنے کے بعد مریم مجدلی خداوند کے حکم کے مطابق بڑی دلیری، جوش و جذبہ اور خوشی و شادمانی کے ساتھ خداوند کے شاگردوں کے پاس اُس کے مردوں میں سے جی اُٹھنے کا پیغام لے کر گئی۔ مریم مجدلی نے یسوع سے بے حد پیار کیا۔ مریم مجدلی تمام مومنین کو خصوصاً خواتین کو اِس بات کی بھرپور دعوت دیتی ہے کہ وہ خداوند یسوع مسیح کے ساتھ وقت گزاریں، اُسکی باتیں سنیں، اُس سے سے سیکھیں اور اپنی زندگی کے واقعات اور تجربات کے ذریعے اُس کے نام کا پرچار کریں۔ تمام خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے مریم مجدلی آج بھی ہر مومن کو مسیح سے پیار کرنے کی دعوت دیتی نظر آتی ہے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail