خاتون ِ گوادالوپے
خاتونِ گوادالوپے کا ظہور مسیحی تاریخ کا ایک ایسا روحانی واقعہ ہے جس نے میکسیکو اور پورے لاطینی امریکہ میں ایمان، اْمید اور محبت کی نئی روشنی پیدا کی۔
یہ واقعہ 1531 میں پیش آیا جب مقدسہ مریم ایک غریب مقامی کسان جوآن ڈیئیگو (Juan Diego) پر ظاہر ہوئیں اور ان کے ذریعے دنیا کو خدا کے بے پناہ پیار کا پیغام دیا۔پندرہویں صدی کے اختتام پر اسپین نے میکسیکو کو فتح کیا۔مقامی لوگ غلامی، ظلم اور مذہبی انتشار کا شکار تھے۔انہی حالات میں مقدسہ مریم نے ظاہر ہوکر اْن کے دلوں میں اْمید، ایمان اور امن کی شمع کو دوبارہ روشن کیا۔9 دسمبر 1531ء کی صبح، ایک نیک دل کسان جوآن ڈیئیگو میکسیکو شہر کے قریب ٹپییاک پہاڑی سے گزر رہا تھا۔اچانک اْسے آسمانی روشنی نے گھیر لیا۔پہاڑی پر ایک حسین خاتون نمودار ہوئی، جس کے چہرے پر نور اور محبت کی جھلک تھی۔انہوں نے جوآن سے فرمایا:میں مقدسہ کنواری مریم ہوں، تمام قوموں کی ماں۔میرے بیٹے کے لیے یہاں ایک گرجا تعمیر کرو تاکہ لوگ یہاں آ کر دْعا مانگ سکیں اور میں اْن کے دْکھ سن سکوں۔جوآن ڈیئیگو حیران ہوا، مگر ایمان کے ساتھ بشپ زْمراگا (Bishop Zumárraga)کے پاس گیا اور یہ پیغام پہنچایا۔لیکن بشپ صاحب نے یقین نہ کیا اور کوئی نشان (sign)مانگا۔مقدسہ مریم دوبارہ اْس کسان پر ظاہر ہوئیں اور فرمایا:
”پہاڑ کی چوٹی پر جاؤ، وہاں سے پھول چْن لو اور میرے حضور پیش کرو“۔
یہ دسمبر کا سرد موسم تھا لیکن جب جوآن وہاں پہنچا تو خوشبودار گلاب کھلے ہوئے تھے ایک ایسا معجزہ جو اْن حالات میں ناممکن سی بات تھی۔جوآن نے وہ گلاب اپنی تلما یعنی چھوٹی چادر میں سمیٹے اور بشپ جی کے پاس پہنچا۔جب اْس نے چادر کھولی تو گلاب زمین پر گر ِگئے اور چادر پر مقدسہ مریم کی شبیہ خودبخود ظاہر ہو گئی!
جوآن ڈیئیگو کی چادر، جسے Tilma of Guadalup کہا جاتا ہے، آج بھی ویٹیکن کی سب سے بڑی معجزاتی نشانیوں میں سے ایک مانی جاتی ہے۔
اس تصویر کی خصوصیات حیران کن ہیں:رنگ اور کپڑا پانچ صدیوں بعد بھی بالکل ٹھیک ہیں۔مقدسہ ماں کی شبیہ کے چہرے پر مقامی میکسیکن نقوش ہیں، جو ماں ہونے کے عالمگیر پیغام کو ظاہر کرتے ہیں۔آنکھوں میں انسانی عکس موجود ہیں جیسے کسی شخص کی عکاسی ہو رہی ہو اور سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ تصویر کسی رنگ یا برش سے نہیں بنی، بلکہ کسی غیرمعمولی روشنی کے ذریعے وجود میں آئی۔
جب بشپ نے یہ معجزہ دیکھا تو فوراً گھٹنوں کے بل گر ِپڑے۔انہوں نے اسی مقام پر گوادالوپ کا چرچ تعمیر کرنے کا حکم دیا۔یہ وہی جگہ ہے جہاں آج دنیا کا مشہور Basilica of Our Lady of Guadalupe واقع ہے۔
ہر سال لاکھوں زائرین وہاں جاتے اور مقدسہ ماں کی سفارشوں کی بدولت خدا سے برکات پاتے ہیں۔
مقدسہ ماں کے اس ظہور نے میکسیکو کی کلیسیاکے دلوں میں ایمان کی نئی لہر دوڑا دی۔مقامی لوگ، جو پہلے غلامی اور نااْمیدی کے شکار تھے، دوبارہ مسیحی ایمان کی روشنی میں آ گئے۔صرف چند دہائیوں میں نوے لاکھ لوگوں نے بپتسمہ لیا۔
خاتونِ گوادالوپے کا پیغام صرف ماضی کا واقعہ نہیں بلکہ آج بھی انسانیت کے لیے زندہ مثال ہے۔وہ ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ خدا ہمیشہ اپنے بندوں کے قریب ہے، خاص طور پر اْن کے جو دْکھ، ظلم اور غربت میں مبتلا ہیں۔
خاتونِ گوادالوپے نے سیکھایاکہ ایمان سے جیو، محبت سے دیکھو اور عاجزی سے خدمت کرو۔ہر سال 12دسمبرکو دنیا بھر میں خاتونِ گوادالوپے(Feast of Our Lady of Guadalupe) کی عید منائی جاتی ہے۔لاکھوں عقیدت مند اس دن روزہ رکھتے اور دعائیں مانگتے ہیں۔میکسیکو سٹی کا باسیلکااُس دن روشنیوں، عبادت اور آنسوؤں سے بھر جاتا ہے کیونکہ یہ دن صرف تاریخ نہیں بلکہ ایمان کی تجدید کا دن ہوتا ہے۔
خاتونِ گوادالوپے ایمان، محبت اور ماں کی شفقت کی ایسی علامت ہے جو نسل در نسل انسانوں کے دلوں میں زندہ رہے گی۔
اْن کی چادر پر اْبھری تصویر،گلاب کا پھول اور جوآن ڈیئیگو کا ایمان آج بھی ہمیں یہی سکھاتا ہے کہ”اگر دل میں ایمان ہو تو معجزے کبھی ختم نہیں ہوتے“۔