FABC کی 12ویں جنرل اسمبلی میں سنڈی روحانی تمیز کو آگے بڑھانے کے لیے اجتمائی مشاورتی گفتگوکا آغاز

آرچ بشپ سقراطس بی۔ ویلیگاس
آرچ بشپ سقراطس بی۔ ویلیگاس

فیڈریشن آف ایشین بشپ کانفرنسز (FABC)کی 12ویں جنرل اسمبلی میں 23 جولائی کو شرکاء نے سنڈی روحانی تمیز کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہوتے ہوئے پہلی مرتبہ اجتمائی مشاورتی گفتگو میں حصہ لیا۔ یہ طریقہ کار ایشیا میں کلیسیا کے مستقبل کے مشن کی سمت متعین کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔گزشتہ چند دنوں تک شرکاء روح میں مکالمہ کے عمل میں شریک رہے، جس کی بنیاد دْعا، توجہ سے ایک دوسرے کو سننے اور روحانی تمیز پر تھی۔ اس کے بعد کارڈینلز، بشپ صاحبان، کاہنوں اور عام مومنین جکارتہ کے ہوٹل مولیا کے وانڈا ہال میں زیادہ باہمی اور اشتراکی انداز کی گفتگو کے لیے جمع ہوئے۔
دوپہر کے اجلاس کا آغاز فلپائن کے لنگاینا۔ داگوپان کے آرچ بشپ سقراطس بی۔ ویلیگاس نے کیا، جنہوں نے شرکاء کو سنڈی سفر کے اس نئے مرحلہ کو دل سے قبول کرنے کی دعوت دی۔ گفتگو شروع ہونے سے قبل انہوں نے شرکاء کو ایک مختصر تعارفی سرگرمی کے ذریعے ایک دوسرے سے واقف ہونے کی ترغیب دی تاکہ میز پر ہونے والی گفتگو سے پہلے باہمی اْخوت اور اعتماد کی فضا قائم ہو سکے۔
اس کے بعد فادر کلارنس دیواداس، جو FABC کمیشن برائے سنڈیلٹی کے ایگزیکٹو سیکرٹری ہیں، نے ٹیبل گفتگو کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسمبلی کے روحانی امتیاز کے عمل میں ایک اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ طریقہ روح میں گفتگو کی اسی روح کو آگے بڑھاتا ہے، جس میں توجہ سے سننا، باہمی احترام اور دْعا پر مبنی غوروفکر برقرار رہتا ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ کھلے مکالمہ، مشترکہ تجزیے اور اجتماعی روحانی تمیز کے لیے زیادہ مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ پہلے کے اجلاسوں میں روحانی گفتگو اور خاموشی پر مشتمل تین مراحل پر عمل کیا جاتا تھا، جبکہ ٹیبل گفتگومیں شرکاء کو آزادی کے ساتھ ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ایشیا میں کلیسیا کو درپیش مواقع، چیلنجز اور ان کے عملی پاسبانی جوابات پر غور کرنے کی دعوت دی گئی۔
شرکاء نے صبح کے اجلاسوں سے سامنے آنے والے دو بنیادی سوالات پر غور کیا۔
پہلا سوال یہ تھا کہ بدلتے ہوئے عالمی سیاسی حالات اور عالمگیر کلیسیا کی زندگی کے تناظر میں ایشیا کی کلیسیا پْل اور پْل بنانے والی جماعت بننے کے لیے کن مواقع اور چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔
دوسرا سوال اس تبدیلی پر مرکوز تھا جو تعلقات، کلیسیائی طریقہ کار اور کلیسیا کے ڈھانچوں میں درکار ہے تاکہ مقامی کلیسیائیں مزید موثر بشارتی اور سنڈی برادریاں بن سکیں۔

 اجتمائی مشاورتی گفتگو
اجتمائی مشاورتی گفتگو

ہر میز پر ایک منتظم، ایک اہم نکات لکھنے والا اور ایک رپورٹ پیش کرنے والا مقرر کیا گیا، جو بالترتیب گفتگو کو منظم، اہم نکات کوقلم بند کرتا اور آخر میں گروپ کی سفارشات پوری اسمبلی کے سامنے پیش کرتا۔فادر دیواداس نے کہا کہ ذمہ داریوں کی یہ مشترکہ تقسیم سنڈیلٹی کی اصل روح کی عکاسی کرتی ہے، جہاں قیادت اور شرکت ایک فرد تک محدود نہیں رہتی بلکہ سب مل کر ذمہ داری ادا کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹیبل گفتگو سے حاصل ہونے والے خیالات اور تجاویز کو کتابچہ کی تیاری میں شامل کیا جائے گا، جو جنرل اسمبلی کی اہم دستاویزات میں سے ایک ہوگی۔ اس کا مقصد ایشیا کی مقامی کلیسیاؤں کو سنوڈل سفر جاری رکھنے کے لیے عملی رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
گفتگو کے اختتام پر ہر میز کے نمائندے نے اپنے گروپ کی اہم تجاویز اور مشاہدات پوری اسمبلی کے سامنے پیش کیے، تاکہ تمام شرکاء مختلف گروہوں کی آراء سے آگاہ ہو سکیں اور اجتماعی روحانی تمیز کا عمل مزید آگے بڑھ سکے۔ٹیبل گفتگو کا آغاز 12ویں جنرل اسمبلی کا ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔ جہاں روح میں مکالمہ نے شرکاء کو روح القدس اور ایک دوسرے کی آواز سننے کا موقع فراہم کیا، وہیں اس نئے طریقہ کار نے انہیں ان روحانی تجربات کو مشترکہ غوروفکر اور عملی پاسبانی ترجیحات میں تبدیل کرنے کا موقع دیا۔اس طرح روحانی تمیز اور منظم مکالمہ کو یکجا کرتے ہوئے FABC کی 12ویں جنرل اسمبلی ایشیا کی کلیسیا کے لیے سنڈی اندازِ عمل کی ایک عملی مثال پیش کر رہی ہے، تاکہ وہ خطے کو درپیش مواقع اور چیلنجز کا زیادہ مؤثر انداز میں جواب دے سکے۔