گھگھر پھاٹک میں خواتین کے لیے نئے ووکیشنل ٹریننگ سینٹرکا افتتاح

گزشتہ دنوں گھگھر پھاٹک میں کاریتاس پاکستان کراچی کی جانب سے تین ماہ پر مشتمل سلائی اور کٹنگ ووکیشنل اسکل سینٹر کا افتتاح کیا گیا۔ یہ اقدام مشن کمیشن آف کراچی آرچ ڈائیوسیس کے تعاون سے عمل میں لایا گیا، جس کا مقصد خواتین کو ہنر مند بنا کر انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔افتتاحی تقریب کا آغاز دعا سے ہوا، جس کی قیادت مشن کمیشن کے انچارج ریورنڈ فادر ڈینیئل نے کی۔ 
کاریتاس پاکستان کراچی کے ایگزیکٹو سیکریٹری جناب منشا نور نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس پیشہ ورانہ تربیت کا بنیادی مقصد نوجوان لڑکیوں اور خواتین کی مہارتوں، علم اور صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے تاکہ وہ متبادل ذریعہ معاش حاصل کر سکیں اور اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا سکیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ریورنڈ فادر ڈینیئل او کونر نے اختتامی خطاب میں کاریتاس پاکستان کراچی اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سلائی اور کٹنگ کی یہ تربیت لڑکیوں اور خواتین کو بااختیار بنانے، خود کفیل بنانے اور انہیں اپنے خاندان اور برادری میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تربیت شرکاء کی زندگیوں میں مثبت اور دیرپا تبدیلی لائے گی۔

Daily Program

Livesteam thumbnail