کیپوچن فارمیشن ہاؤس لاہور میں مقدس فرانسس آف اسیسی کے زخموں کی عید نہایت عقیدت سے منائی گئی۔
مورخہ 17 ستمبر 2026 کو کیپوچن فارمیشن ہاؤس لاہور میں مقدس فرانسس آف اسیسی کے زخموں کی عید عقیدت اور شکرگزاری کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر فارمیشن ہاؤس کی سالگرہ، تین کیپوچن کاہنوں کی کاہنانہ جوبلی اورمقدس فرانسس آف اسیسی کی 800ویں جوبلی بھی منائی گئی۔اس تقریب میں فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے خصوصی شرکت کی۔ فارمیشن ہاؤس میں اْن کی پہلی آمدپر مالا اور کْلہ پہنا کر اْن کا بھر پْور استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے کاہنانہ جوبلی منانے والے تینوں کیپوچن کاہنوں کے ہمراہ جوبلی کی شمع روشن کی۔
اس موقع پر پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی جس کی قیادت ریورنڈ فادر اعجاز بشیر نے فرمائی۔اس تقریب میں ریورنڈ فادر عابد حبیب او۔ایف۔ایم کیپ اور ریورنڈ فادر جان جوزف او۔ایف۔ایم کیپ کی 40 سالہ کاہنانہ جوبلی جبکہ ریورنڈ فادر پیٹرک سموئیل او۔ایف۔ایم کیپ کی سلور جوبلی بھی عقیدت اور شکرگزاری کے ساتھ منائی گئی۔ کیپوچن برادران نے تینوں کاہنوں کی وفادارانہ کاہنانہ خدمت اور کلیسیا و فرانسسکن خاندان کے لیے ان کی گراں قدر خدمات پر خداوند کا شکر ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر فارمیشن ہاؤس کے ریکٹر ریورنڈ فادر عمران سلیم او۔ایف۔ایم کیپ نے فضلیت مآب آرچ بشپ خالد رحمت، کسٹس،ریورنڈ فادر اعجاز بشیر، جوبلی منانے والے کاہن صاحبان، دیگر کاہنوں، مذہبی جماعتوں اور تمام شرکا کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔
