کیتھولک بائیبل کمیشن پاکستان کے لئے نئے ایگزیکٹو سیکرٹری کی تقرری

مورخہ 22فروری2024 کو عزت مآب بشپ اندریاس رحمت (چئیرمین،کیتھولک بائیبل کمیشن  پاکستان)کی زیرِ نگرانی کیتھولک بائیبل کمیشن  کے نئے ایگزیکٹو سیکرٹری ریورنڈ فادر جوزف شہزاد کی تقرری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ 
تقریب کا آغاز بائبیل مقدس کی تخت نشینی سے ہوا، جس کے بعدپاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی۔جس کی قیادت عزت مآب بشپ اندریاس رحمت نے کی،جبکہ معاونت ریورنڈ فادر آصف سردار(وکر جنرل،لاہور ڈایوسیس) ریورنڈ فادر عمانوائیل عاصی، ریورنڈ فادر عمانوئیل یوسف مانی اور ریورنڈ فادر جوزف شہزاد نے کی۔
وعظ کے دوران عزت مآب بشپ اندریاس رحمت نے کہاآج کا دن ایک تایخی دن ہے جب ہم مقدس پطرس رسول کی مسند نشینی کی عید منا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ گھرجا گھر میں تین چیزیں بہت اہم ہوتی ہیں۔جن میں الطار،پاک صندوق اور کْرسی شامل ہیں،کْرسی اختیار کی علامت ہے ۔مقدس پطرس رسول کو یہ اختیار ملا کہ کلیسیا کی دیکھ بھال کرے۔یہ اختیار کے ساتھ ساتھ ایک بہت بڑی ذمہ داری بھی تھی جو اْس نے خوش اسلوبی سے قبول کی اور آج تک اْس کی یہ خدمت جاری و ساری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یسوع المسیح نے اپنے رسول  ہونے کے لیے ماہی گیروں کا انتخاب کیا کیونکہ وہ کبھی مایوس نہیں ہوتے اور لہروں سے مقابلہ کرنے کا فن رکھتے تھے۔ اس لیے ہمیشہ خدا کے تاکستان میں خدمت کو شکر گزاری سے قبول کریں۔آخر میں بشپ جی نے فادر جوزف شہزاد کو نیا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
 پروگرام کے دوسرے حصے میں ریورنڈ فادر عمانوائیل عاصی نے عزت مآب بشپ اندریاس رحمت نے  کے ہمراہ ریورنڈ فادر جوزف شہزاد کو ضروری دستاویزات اور دفتر کی چابیاں پیش کیں۔
ریورنڈ فادر عمانوائیل عاصی سابقہ ایگزیکٹو سیکرٹری  بائیبل کمیشن نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نہایت خوش قسمت ہیں کہ ہم  مذہبی ماحول اور ایمانی پختگی میں زندگی گزار رہے ہیں جہاں خدا کا کلام سننا،پڑھنا اور سیکھانا  برکت کا باعث خیال کیا جاتا ہے۔بعد ازاں فادر موصوف  نے 2002سے 2023 تک کے 21سالہ سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے روشن ابواب کو بیان کیا۔ آخر میں فادر موصوف نے  مقدس  پولوس رسول کے ان الفاظ کو دہرایا کہ عرض اے بھائیو یہ دعا کرو کہ خداوند کا کلام جلد پھیل جائے اوریہ ذمہ داری فادر جوزف شہزاد کو سونپتے ہوئے اْ نھیں نیک تمناوں سے نوازہ۔
ریورنڈ اظہر مشتاق (جنرل سیکرٹیر ی،پاکستان بائیبل سوسائٹی) نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے ریورنڈ فادر عمانوائیل عاصی کی تمام تر خدمات اور تعاون کا شکریہ ادا کیا اور فادر جوزف شہزاد کو  مبارکباد دیتے ہوئے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ 

Daily Program

Livesteam thumbnail