کیتھولک بائیبل کمیشن پاکستان کے زیر اہتمام ”دئی ویربم“پر ایک روزہ سیمینار
مورخہ 17 اکتوبر 2025 کوکیتھولک بائبل کمیشن پاکستان (CBCP) نے لاہور میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا جس کا موضوع ”دئی ویربم“(Dei Verbum) تھا، جو دوسری ویٹیکن کونسل کی مشہور الہیاتی دستاویز کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد ہوا۔ اس سیمنیارمیں پنجاب کے مختلف علاقوں سے اسٹڈیز اِن بائبلیکل سائنسز (Studies in Biblical Sciences) کے 19 کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز پاک کلام کی تعظیم سے ہوا، جو کلیسیا میں کلامِ مقدس کی مرکزی حیثیت کی علامت ہے۔
سیمینار کی صدارت ریورنڈ فادر جوزف شہزاد(ایگزیکٹو سیکرٹری کیتھولک بائیبل کمیشن پاکستان) نے فرمائی، جو کہ اس سیمینار کے مقرر بھی تھے۔ فادرموصوف نے ”دئی ویربم“ کی مذہبی و روحانی اہمیت پر گہری روشنی ڈالی اور شرکاء کو بتایا کہ یہ دستاویز آج بھی کلیسیا کی زندگی اور مشن کے لیے رہنمائی کا منبع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دئی ویربم دوسری ویٹیکن کونسل کی سب سے مؤثر اور الہامی دستاویزات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دستاویز کے چھ ابواب جن میں وحی، روایت، مقدس صحیفہ، عہدِ عتیق و جدید اور کلیسیا میں کلامِ خدا کی اہمیت شامل ہے،وہ ابواب ایک ہی پیغام دیتے ہیں کہ کلامِ خدا اور روایت ایک ہی ایمان کا سرچشمہ ہیں۔ آخر میں ریورنڈ فادر جوزف شہزادنے شرکاء سے کہا کہ وہ کلامِ مقدس کو ایمان اور زندگی کا مرکز بنائیں تاکہ دئی ویربم کی تعلیمات پاکستانی کلیسیا میں مزید فروغ پائیں۔
یا ر رہے یہ ایک روزہ سیمینار کیتھولک بائیبل کمیشن پاکستان کے اْس عزم کی تجدید تھی یعنی کلامِ خدا کو ایمان، دْعا اور پاسٹرل زندگی کی بنیاد کے طور پر فروغ دینا جوکہ دئی ویربم کی روح کی عکاسی کرتا ہے۔تاکہ کلامِ خدا مومنین کے دلوں کو منور کرے اوراْن کی زندگیوں کو تبدیل کرتا رہے۔