کولون آرچ ڈایوسیس نے FABC کے ساتھ شراکت داری کو ماحول دوست اور خود کفیل منصوبوں تک وسعت دینے کا اعلان کیا۔
جرمنی کے کولون آرچ ڈایوسیس نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایشیا میں کلیسیا کے لیے اپنی معاونت کو صرف گرجا گھروں اور پاسبانی مراکز کی تعمیر تک محدود رکھنے کے بجائے اب ماحولیاتی پائیداری، مالی خود کفالت اور تحفظ پر مبنی منصوبوں تک بھی وسعت دے گا۔یہ بات کولون کے آرچ ڈایوسیس کے شعبہ عالمگیر کلیسیا کے پراجیکٹ کوآرڈینیٹر”الیساندرو کیریگاٹو“ نے 23 جولائی کو جکارتہ میں منعقد ہونے والی فیڈریشن آف ایشین بشپ کانفرنسز (FABC) کی 12ویں جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اپنے خطاب کے آغاز میں انہوں نے کولون کے آرچ بشپ کارڈینل رائنر ماریا وولکی اور شعبہ عالمگیر کلیسیا کے ڈائریکٹر ”ناظم امیل“ کی جانب سے شرکاء کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اس جنرل اسمبلی میں شرکت اور ایشیا کی کلیسیا کو اپنے مستقبل کے بارے میں مشترکہ غور و فکر کرتے دیکھنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کولون کے آرچ ڈایوسیس کی اس سال کی شرکت ایک اور اہم موقع سے بھی جڑی ہوئی ہے، کیونکہ اس کے شعبہ عالمگیر کلیسیا کے قیام کو 50 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں 2 تا 4 اکتوبر 2026 تک جرمنی کے شہر کولون میں گولڈن جوبلی تقریبات منعقد ہوں گی، جن میں انہوں نے FABC کے شراکت داروں کو بھی شرکت کی دعوت دی۔پانچ دہائیوں پر محیط تعاون کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرچ ڈایوسیس نے ماضی میں ایشیا کی متعدد ڈایوسیس میں گرجا گھروں، سیمنریوں، کانونٹس، پاسبانی مراکز اور بشپ ہاؤسز کی تعمیر میں معاونت کی، لیکن بدلتے ہوئے حالات ایک نئے نقطہ نظر کا تقاضا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 50 برسوں میں ہم نے ایشیا کی بہت سی ڈایوسیس میں پاسبانی ڈھانچے کی تعمیر میں تعاون کیا ہے۔ اب ہم اپنی مالی معاونت کی پالیسی کو وسعت دے رہے ہیں تاکہ ماحول دوست، آمدنی پیدا کرنے والے منصوبوں کو بھی شامل کیا جا سکے، جو اداروں کے اخراجات کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں۔انہوں نے وضاحت کی کہ اس نئی حکمتِ عملی کا مقصد مقامی کلیسیاؤں کو مالی طور پر زیادہ خود کفیل بنانا اور خدا کی تخلیق کی بہتر نگہداشت کو فروغ دینا ہے۔ ان کے مطابق آئندہ پاسبانی منصوبے صرف فوری ضروریات پوری نہ کریں بلکہ طویل المدتی معاشی استحکام اور ماحولیاتی ذمہ داری کو بھی مضبوط بنائیں۔اسی مقصد کے تحت کولون کا آرچ ڈایوسیس ایسے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرے گا جو اداروں کی کارکردگی بہتر بنائیں، مستقل آمدنی پیدا کریں، ماحول پر منفی اثرات کم کریں اور ساتھ ہی کلیسیا کے پاسبانی مشن کو بھی مضبوط کریں۔انہوں نے کہا کہ ایک اور اہم ترجیح یہ ہے کہ ہر شراکت داری میں بچوں اور کمزور افراد کے تحفظ کے مضبوط اصولوں کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایسے منصوبے تشکیل دیں جو ماحول دوست اور مالی طور پر پائیدار ہوں، اور جن میں بچوں اور کمزور افراد کے تحفظ کے موثر اصول بھی پوری طرح نافذ کیے جائیں۔اگرچہ انہوں نے اجلاس میں نئی مالی معاونت کی پالیسی کی تمام تفصیلات پیش نہیں کیں، تاہم شرکاء کو دعوت دی کہ وہ اس نئے طریقہ ِکار کے بارے میں مزید گفتگو اور تبادلہ خیال جاری رکھیں۔ان کے خطاب سے واضح ہوا کہ کولون کے آرچ ڈایوسیس اور ایشیا کی کلیسیاؤں کے درمیان دیرینہ شراکت داری اب نئے پاسبانی چیلنجز کے مطابق خود کو ڈھال رہی ہے۔ اب اس کا مقصد صرف عمارتوں کی تعمیر نہیں بلکہ ایسے کلیسیائی منصوبوں کی معاونت بھی ہے جو مالی طور پر خود کفیل، ماحول دوست اور انسانی عظمت کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہوں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر الیساندرو کیریگاٹو نے اْمید ظاہر کی کہ FABC کی 12ویں جنرل اسمبلی ایشیا کی کلیسیا کے لیے دیرپا ثمرات لائے گی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کولون کا آرچ ڈایوسیس بشارت، پاسبانی تجدید اور سنڈی مشن میں FABC کے ساتھ اپنی شراکت داری آئندہ بھی جاری رکھے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج بین الاقوامی کلیسیائی شراکت داریاں پائیداری، ذمہ دارانہ نگہداشت اور مضبوط مقامی کلیسیاؤں کی تعمیر کے مشترکہ وژن کی بنیاد پر فروغ پا رہی ہیں، تاکہ آنے والی نسلوں کی بہتر خدمت کی جا سکے۔