کوئٹہ وکیریٹ میں پاپائی مشن سوسائٹیز کے زیرِ اہتمام نوجوانوں کے لیے ایک روزہ تربیتی سیمینارکا انعقاد

 کوئٹہ وکیریٹ میں پاپائی مشن سوسائٹیز کے زیرِ اہتمام نوجوانوں کے لیے ایک روزہ تربیتی سیمینارکا انعقاد
کوئٹہ وکیریٹ میں پاپائی مشن سوسائٹیز کے زیرِ اہتمام نوجوانوں کے لیے ایک روزہ تربیتی سیمینارکا انعقاد

مورخہ22 جون 2026 کو کوئٹہ وکیریٹ میں فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شا کی سرپرستی میں پاپائی مشن سوسائٹیز (PMS)کے زیرِ اہتمام نوجوانوں کے لیے ایک روزہ تربیتی سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو کلیسیا کے مشن،پاپائی  مشن سوسائٹیز کے اغراض و مقاصد اور پیرش کی سطح پر قائدانہ کردار کے لیے تیار کرنا تھا۔ یہ سیمینار ریورنڈ فادر امتیاز فریاد(ڈایوسیزن ڈائریکٹر)اور ریورنڈ فادر سمران بوٹا (اسسٹنٹ ڈایوسیزن ڈائریکٹر) کی قیادت میں ہوا۔
 ریورنڈ فادر امتیاز فریاد(ڈایوسیزن ڈائریکٹر) نے پاپائی مشن سوسائٹیز کی تاریخ، مشن اور تنظیمی ڈھانچے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم دنیا بھر میں کلیسیا کی بشارتی سرگرمیوں، مقامی پاسٹرل خدمات اور ضرورت مند علاقوں میں انسانی خدمت کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایمان کے گواہ اور امن کے سفیر بن کر مشنری خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
 ریورنڈ فادر سمران بوٹا (اسسٹنٹ ڈایوسیزن ڈائریکٹر)نے اپنے سیشن میں پاپائی  مشن سوسائٹیز کے اینیمیٹرز کی ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیرش میں گروپس کی تشکیل، دعائیہ اجتماعات کے انعقاد اور مشنری سرگرمیوں کی قیادت کے عملی طریقوں سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک کامیاب اینیمیٹر کے لیے روحانی پختگی، مسلسل تربیت اور خدمت کا جذبہ ناگزیر ہے۔
سیمینار کے دوران شرکاء نے مختلف پاسٹرل موضوعات پر تبادلہ خیال کیا اور اپنی آراء پیش کیں۔
بعد ازاں سسٹر نصیرہ سوہن نے نوجوانوں کو کہانت اور مذہبی زندگی کے پیشوں کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کلیسیا کا مستقبل ان نوجوانوں سے وابستہ ہے جو خدا کی دعوت کو فراخ دلی سے قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے خاندانوں اور پیرشز پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کی روحانی نشوونما کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں۔
ریورنڈ فادر پرویز رضا (وکر ڈیلیگیٹ آف کوئٹہ وکیریٹ) نے کہا کہ مشنری خدمت کلیسیا کی بنیادی شناخت ہے، اور پاپائی مشن سوسائٹیز مقامی کلیسیاؤں کو عالمگیر کلیسیا کے مشن سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے تربیتی پروگرام کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ عملی سرگرمیوں نے انہیں مشنری خدمت کو بہتر انداز میں سمجھنے اور اینیمیٹرز کے طور پر فعال کردار ادا کرنے کا حوصلہ اور اعتماد فراہم کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے علاقوں میں واپس جا کر کلیسیا کے مشن کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو خدمتِ خداوندی میں متحرک کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail