کوئٹہ وکیریٹ میں پونٹیفیکل مشنری سوسائٹی کے ڈایوسیزن ڈائریکٹر کا سالانہ اجلاس
مورخہ27جنوری2025 کو بشپ ہاوس کوئٹہ میں پونٹیفیکل مشن سوسائٹی کے ڈایوسیزن ڈائریکٹر کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا۔جس کی صدارت پونٹیفیکل مشن سوسائٹی کے چئیرمین عزت مآب بشپ خالد رحمت نے کی۔
اجلا س کا آغاز دْعا سے ہوا۔ اس کے بعدعزت مآب بشپ خالد رحمت نے تمام شرکا کو خوش آمدید کہا اور جوبلی 2025 ”اْمید کے زائرین“ کی اہمیت پر زور دیا۔بعد ازاں پونٹیفیکل مشن سوسائٹی کے ڈایوسیزن ڈائریکٹرز نے اپنی اپنی ڈایوسیس کی کارکردگی کی رپورٹس پیش کیں۔ اور کہا کہ ہر نیا دور نئی تبدیلیوں کا متقاضی ہوتا ہے،ان نئی تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگ رہنا وقت کی ضرورت ہے۔ ایسے میں ہمیں سچائی،اْمید اور محبت کا پیغام پھیلانے کے لیے نئے طریقے تلاش کرنے چاہیں جو ہمارے معاشرے اورکلیسیا کے لیے فائدہ مند ہوں۔ میٹنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کے تمام ڈایوسیس سے تعاون کے لیے رابطہ کیا جائے اور وہاں کے عام مومنین کو پونٹیفیکل مشن سوسائٹی کے کاموں سے متعارف کروایا جائے
لاہور ڈایوسیس سے ریورنڈ فادر نقاش اعظم نے بطور ڈایوسیزن ڈائریکٹر شرکت کی۔ جنہوں نے پونٹیفیکل مشن سوسائٹی کی لاہور میں کارکردگی کی مفصل رپورٹ پیش کی نیزمشن کی اہمیت اور ہولی چائلڈ ہڈ سوسائٹی سمیت چار کیتھولک سوسائٹیز کے کردار کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارامقصد محبت، بیداری، اور یسوع کے مشن کے پیغام کو پھیلانا ہے۔اورمومنین کی زندگیوں میں دعا اور روح القدس کی اہمیت کو اْجاگر کرنا ہے۔
آخر میں عزت مآب بشپ خالد رحمت نے کلماتِ تشکر ادا کرتے ہوئے تمام ڈایوسیزن ڈائریکٹرزکی تشریف آوری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اْمید ظاہر کی کہ اجلاس کی باہم گفت و شنید مشن کی ترقی، مسیح کی محبت کے سفیر بننے اوراْس کی خوشخبری کو دوسروں تک پہنچانے کے لیے معاون ثابت ہو گی۔