پوپ لیو چہاردہم کون ہیں؟

کیتھولک دنیا میں 8مئی 2025کوایک تاریخ ساز لمحہ اْس وقت آیا جب سسٹائن چیپل کی چمنی سے اْٹھتے سفید دھوئیں نے دنیا کو خوش خبری دی کہ 133 منتخب کارڈینلز نے نئی قیادت پر اتفاق رائے کر لیا ہے۔ 69 سالہ امریکی کارڈینل رابرٹ فرانسس پریوسٹ کو کیتھولک کلیسیا کے نئے 267ویں پاپائے اعظم منتخب کر لیا گیا۔ انہیں ”پوپ لیو چہاردہم“ (Leo XIV) کانام دیا گیا اور یوں وہ کیتھولک کلیسیا کی تاریخ کے پہلے امریکی پوپ بن گئے ہیں۔
پوپ لیو چہاردہم کے انتخاب سے کیتھولک دنیا ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔ دنیا بھر کے 1.4 ارب کیتھولک مومنین کی توجہ اب ایک ایسے رہنما کی جانب مرکوز ہے جو ایک ایسے وقت میں کلیسیاکی باگ ڈور سنبھال رہا ہے جب دنیا تناؤ، تقسیم اور روحانی بحران سے گزر رہی ہے۔
پوپ لیو  چہاردہم کے سینٹ پیٹرز کی بالکونی سے مومنین کو سب سے پہلے کہے جانے والے الفاظ تھے کہ”خداوند کی سلامتی آپ سب کے ساتھ ہو“۔ 
پوپ لیو چہاردہم نے مقدس پطرس کے جانشین کے طور پر اپنی پہلی موجودگی پر روم شہر اور دنیا کو ان الفاظ کے ساتھ مبارکباد دی:روم اور دنیا کو سلام!
پیارے بھائیو اور بہنو، یہ جی اُٹھے مسیح کا پہلا سلام ہے، اچھا چرواہا جس نے اپنی جان اپنی بھیڑوں کے لیے دی۔ میں بھی چاہتا ہوں کہ سلامتی کا یہ پیغام آپ کے دلوں میں، آپ کے اہل خانہ اور تمام لوگوں تک پہنچ جائے۔
 آئیے ہم پوپ فرانسس کی بہادر آواز کو ہمیشہ یاد رکھیں جس آوازنے ایسٹر کی صبح روم اور دنیا کو برکت دی۔مجھے بھی اْسی نعمت کو جاری رکھنے کی اجازت دیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ خدا ہم سب سے محبت کرتا ہے اورہم سب خدا کے ہاتھ میں ہیں۔آئیں ہم بنا کسی خوف کے، متحد ہو کر آگے بڑھیں۔ انسانیت کو خدا اور اْس کی محبت تک پہنچنے کے لیے ایک پل کی ضرورت ہے۔ آپ مکالمے کے ذریعے پل بنانے میں مدد کریں تاکہ ہم سب ایک ہو کر ہمیشہ امن میں رہ سکیں۔
پوپ لیو نے کہاکہ شکریہ پوپ فرانسس!اْس کے بعد انھوں نے کہا میرے کارڈینل بھائیوں کا شکریہ جنہوں نے مجھے مقدس پطرس کا جانشین بننے کے لیے منتخب کیا۔
پوپ لیو نے آخر میں کہا کہ ہماری مبارک ماں مقدسہ مریم ہمیشہ ہمارے ساتھ چلنا اور ہمارے قریب رہنا چاہتی ہے۔وہ ہمیشہ اپنی شفاعت اور اپنی محبت سے ہماری مدد کرتی ہے۔ تو آئیے ہم مل کر اْس مشن کے لیے، تمام کلیسیا کے لیے، اور دنیا میں امن کے لیے اپنی اْس ماں مریم سے خصوصی فضل کیلئے دْعا کریں۔خدا ہم سب کو پیار کرتا ہے اور اْسکی محبت بے لوث ہے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail