پوپ فرانسس کے انڈونیشا کے دورے کیلئے پاپائی سفر کی تیاریاں مکمل


مورخہ 23اگست 2024کو انڈونیشیا کے سفیر مائیکل ٹریاس نے میڈیا کو بتایا ہے کہ پوپ فرانسس کے انڈونیشا دورے کیلئے پاپائی سفر کی تیاریاں اور تمام انتظامات مکمل ہیں۔
پوپ فرانسس 3-6 ستمبرکو انڈونیشیا کا دورہ کریں گے۔ انڈونیشیا کے سفیر مائیکل ٹریاس نے کہا آئیے ہم سب دْعا کریں کہ پوپ فرانسس صحت مند رہیں اور روم سے جکارتہ تک بحفاظت پہنچیں۔
پوپ فرانسس کا دورہ انڈونیشیا کا تیسرا پاپائی دورہ ہو گا جو 1970 میں پوپ پال ششم اور 1989 میں پوپ جان پال دوم کے دوروں کے بعد، انڈونیشیا اور ویٹیکن کے درمیان دیرینہ تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔اس پاپائی دورے کے دوران پوپ فرانسس نہ صرف کیتھولک کمیونٹی بلکہ دیگر مذاہب کے  باشندوں کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے، جس کا مقصد امن کا پیغام پھیلانا ہے۔
انڈونیشیا کی حکومت اور بشپس کانفرنس تیاریوں میں سرگرم عمل ہیں۔ایک اندازے کے مطابق  70,000 حاضرین کی آمد متوقع ہے۔پوپٖ فرانسس 3 ستمبر کو جکارتہ پہنچ جائیں گے اور 4ستمبر کو ریاستی محل میں صدر جوکو جوکووی وِڈوڈو اْن کا باقاعدہ استقبال کریں گے۔