پاکستان کیتھولک بشپس کانفرنس کا ایڈ لیمینا وزٹ کے دوران مقدس پولوس رسول کے باسیلیکا کی زیارت
مورخہ 13 مئی 2026 کو پاکستان کیتھولک بشپس کانفرنس نے روم میں اپنے تاریخی ایڈ لیمینا وزٹ کو جاری رکھتے ہوئے مقدس پولوس رسول کے باسیلیکا کی زیارت کی۔ یہ چار بڑی پاپائی باسیلیکاؤں میں سے ایک ہے اور وہ مقدس مقام ہے جہاں مقدس پولوس رسول کے جسدِ خاکی کو سپردِ خاک کیا گیا ہے۔
باسیلیکا میں پاک ماس کی اقدس قربانی کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے فرمائی ۔ اپنے وعظ کے دوران فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے مقدس پولوس رسول کے غیر معمولی تبلیغی جوش،مضبوط ایمان، اور قربانی سے بھرپور گواہی پر دھیان وگیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقدس پولوس رسول ایک ایسے عظیم مشنری ہیں ،جو سب کے لیے سب کچھ بنے۔اْن کی زندگی اور گواہی آج بھی بے شمار نوجوانوں کے لیے مشنری بلاہٹ کا نمونہ ہے۔
مقد س پولو س رسول کی زندگی اور تعلیمات پر دھیان و گیان کرتے ہوئے بشپ صاحبان نے دْعا کی کہ خداوند انہیں ایسا فضل عطا فرمائے کہ وہ پاکستان میں کلیسیا کے وفادار چرواہے بن سکیں، تاکہ وہ مسیحی برادری کو مضبوط کریں اور مسیح کا پیغام ہر شخص تک پہنچائیں۔ تاہم بشپ صاحبان کو یہ فضل بھی حاصل ہوا کہ وہ مقدس پولوس رسول کے مقبرہ کا دیدار حاصل کر سکیں اور خصوصی دْعائیں پیش کر سکیں ۔ بشپ صاحبان نے سنڈ کے جنرل سیکرٹریٹ ، عقیدے و ایمان اور انجیلی بشارت کے اداروں کا بھی دورہ کیا۔