نوجوانوں کو با اختیار بنانا پائیدار ترقی اور دیرپا امن کی کنجی ہے۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد
مورخہ 02اگست 2025کو آرچ ڈایوسیس آف اسلام آباد/راولپنڈی میں سائبانِ پاکستان کے تعاون سے پاکستان کے غیر مسلم نوجوانوں کے لئے جاب فیئر کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں پاکستان بھر سے تقریباً 900 غیر مسلم نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد پاکستان کی مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو معیاری فنی تربیت فراہم کرنا تھاتاکہ انہیں معاشی خود مختاری حاصل ہو۔اس پروگرام کی صدار ت فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے فرمائی۔یہ پروگرام دو حصوں پر مشتمل تھا پہلے حصہ کو یوتھ فیسٹیول کا نام دیا گیا۔ جس میں نوجونوں کے لیے پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی۔جس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے فرمائی۔وعظ کے دوران بشپ جی نے کہا کہ ہنرمند نوجوان ہمارے رول ماڈل ہیں اور ہائر ایجوکیشن سمیت ہر شعبے میں ان کی مدد کے لیے آرچ ڈایوسیس آف اسلام آباد/راولپنڈی ان کے ساتھ ساتھ ہے۔انہوں نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے آرچ ڈایوسیس آف اسلام آباد/راولپنڈی میں ہونے والے تمام اقدامات سے نوجوانوں کو آگاہ کیا نیز ان سے بھر پوراستفادہ حاصل کرنے کی راہ بھی بتائی۔
پروگرام کے دوسرے میں پاکستان بھر کے مختلف اداروں اور یونیورسٹیز نے مختلف اسٹالز لگائے۔جہاں پر انہوں نے نوجوانوں کو اپنے اداروں کی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا نیز اچھے روزگار کے حصول میں رہنمائی بھی دی۔ یونیورسٹیز سٹال پر نوجوانوں کو اسکالرشپ اور ہائر سٹڈیز کے بارے میں آگاہی دی۔پروگرام میں مدعو مسیحی سرکاری اہلکاروں نے بھی نوجوانوں کی رہنمائی کی کہ کس طرح مستقبل میں وہ با اختیار روزگار حاصل کر سکتے ہیں۔
پروگرام کے اختتام پر فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو با اختیار بنانا پائیدار ترقی اور دیرپا امن کی کنجی ہے، انہوں نے کہا کہ آج کا پروگرام یقیناً معاشرتی ناہمواریوں کو کم کرنے اور معاشی مواقع بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔بعد ازاں بشپ جی نے تمام مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا او ر انھیں اعزازی شیلڈز سے نوازہ گیا۔
Daily Program
