مذہبی ہم آہنگی اور رواداری ایک پُرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کے لیے لازمی ہیں۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد
مورخہ 11اگست2026کو عالمی یومِ اقلیت کے مو قع پر فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشدنے پاکستان میں تمام شہریوں کے آئینی حقوق، مذہبی آزادی اور مساوات کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاامتیاز مساوی مواقع کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس میں بسنے والے تمام شہریوں کا مشترکہ وطن ہے اور اقلیتی برادریاں ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں مسلسل اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے اس دن کو مذہبی رواداری، ہم آہنگی، باہمی احترام اور بین المذاہب افہام و تفہیم کے لیے اپنے عزم کی تجدید کا ایک اہم موقع قرار دیا۔بشپ جی نے مسیحی برادری کے کردار کو اْجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قیام سے لے کر آج تک مسیحی برادری نے تعلیم، صحت، دفاع اور سماجی بہبود کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائدِاعظم محمد علی جناح کی جانب سے بیان کردہ مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کے اصول آج بھی ایک بہتر معاشرے کے لیے رہنما اصول کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے تمام مذہبی برادریوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔اپنے پیغام کے اختتام پر فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، امن اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ تمام شہریوں کی بھلائی اور اتحاد کے لیے خصوصی دْعائیں بھی کیں۔
