فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کا ہاؤس آف وزڈم کا دورہ، طلبہ سے ملاقات
مورخہ 24 اپریل 2026 کو فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے ”ہاؤس آف وزڈم“کا دورہ کیا اور وہاں زیرِ تعلیم طلبہ سے ملاقات کی۔ اس دورے کا مقصد طلبہ کی تعلیمی پیش رفت کا جائزہ لینا اور اعلیٰ تعلیم کے ذریعے معاشرتی و سماجی ترقی کے لیے کلیسیا کے عزم کی تجدید کرنا تھا۔
2022 میں قائم ہونے والا ”ہاؤس آف وزڈم“ ایک خصوصی ادارہ ہے جو منتخب کیتھولک طلبہ کو تعلیم کے دوران ایک منظم رہائشی اور تعلیمی ماحول فراہم کرتا ہے۔ اس وقت اس پروگرام میں 25 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ یہ ادارہ رہائش کے ساتھ ساتھ مالی معاونت بھی فراہم کرتا ہے، جو پاکستان میں مسیحی نوجوانوں کو بطور اقلیت ایک روشن مستقبل دینے کے کلیسیائی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا کہ مسیحی قوم کا روشن مستقبل تعلیم اور پیشہ ورانہ قابلیت سے وابستہ ہے۔ انہوں نے سیاست، صحافت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ایسے اہم شعبے قرار دیا جہاں مسیحی نوجوانوں کی زیادہ شمولیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں خواندگی کے مسائل اب بھی موجود ہیں اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی سماجی ترقی اور دیرپا مثبت تبدیلی کے لیے ایک مؤثر ذریعہ ہے۔
دورے کے دوران فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے طلبہ سے انفرادی ملاقاتیں بھی کیں، جن میں ان کے تعلیمی اہداف اور درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں آرچ بشپ جوزف ارشد نے عالمی یومِ ارض کی مناسبت سے ہاؤس آف وزڈم کے باغ میں ایک پودا بھی لگاکر ماحول کے تحفظ کی اہمیت کو اْجاگر کیا۔