فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کا کھیلوں کے ذریعے اتحاد، بھائی چارے اور مثبت سرگرمیوں کو اپنانے پر زور
مورخہ یکم مئی 2026کو کرکٹ چیمپئن شپ 2026 برائے مسیحی نوجوان کا انعقاد جیلانی پارک (ریس کورس) لاہور کے کرکٹ گراؤنڈ میں کیا گیا۔ یہ کرکٹ چیمپئن شپ ریورنڈ فادر آصف سردار، وکر جنرل آرچ ڈایوسیس آف لاہور اورڈایوسیزن ڈائریکٹر PMS لاہور کی قیادت میں ہوئی جس میں آرچ ڈایوسیس کے مختلف علاقوں سے چھ ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔
اس مقابلے کا مقصد مسیحی نوجوانوں کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا، اْن میں اتحاد، نظم و ضبط اور کھیل کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔ کھلاڑیوں نے نہایت جوش و جذبے اور بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا، جس نے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔
فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کو پھولوں کے گلدستے اور مالا پہنا کر خوش آمدید کہا گیا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بشپ جی نے تمام مسیحی ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں اتحاد، بھائی چارے اور کھیل کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کو اپنانے پر زور دیا، تاکہ نوجوان معاشرے میں ایک بہتر اور ذمہ دار کردار ادا کر سکیں۔
اس کرکٹ چیمپئن شپ نہ صرف ایک کھیل کا مقابلہ تھا بلکہ مسیحی نوجوانوں کے درمیان محبت، اتحاد اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا ایک خوبصورت ذریعہ بھی ثابت ہوا۔