عزت مآب بشپ یوسف سوہن کا ملتان ڈایوسیس کے مختلف کیتھولک تعلیمی اداروں کا دورہ

عزت مآب بشپ یوسف سوہن کا ملتان ڈایوسیس کے مختلف کیتھولک تعلیمی اداروں کا دورہ
عزت مآب بشپ یوسف سوہن کا ملتان ڈایوسیس کے مختلف کیتھولک تعلیمی اداروں کا دورہ

گزشتہ دنوں عزت مآب بشپ یوسف سوہن نے ملتان ڈایوسیس کے مختلف کیتھولک تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے مستحق طلبہ کی تعلیم کے فروغ اور حوصلہ افزائی کے لیے طلبہ و طالبات میں تعلیمی کٹس تقسیم کیں۔
عزت مآب بشپ یوسف سوہن نے سینٹ جوزف ہائی اسکول، سعید کالونی، ملتان اور سینٹ ونسنٹ ہائی اسکول، امرت نگر، میان چنوں میں طلبہ میں اسکول بیگز اور نصابی کتب،سٹیشنری، یونیفارم اور اسکول کے جوتے تقسیم کیے۔
اس موقع پرعزت مآب بشپ یوسف سوہن  نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور کلیسیا ہمیشہ ایسے اقدامات کے ذریعے ضرورت مند بچوں کی تعلیمی معاونت اور ان کے روشن مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے طلبہ کو محنت، دیانت داری اور نظم و ضبط کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم نہ صرف انفرادی ترقی بلکہ معاشرے کی خوشحالی اور امن کی بھی بنیاد ہے۔انہوں نے اساتذہ اور والدین کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کیتھولک ڈایوسیس آف ملتان مستقبل میں بھی مستحق بچوں کو معیاری تعلیم اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔