کہانت محبت، قربانی اور خدمت کا عہد ہے۔ عزت مآب بشپ یوسف سوہن

مورخہ 8 دسمبر 2025 کو منجیِ دوعالم کیتھیڈرل ملتان میں مقدسہ مریم کے بیداغ حمل میں لئے جانے کی عید کے موقع پر عزت مآب بشپ یوسف سوہن نے چارشماسوں کو کاہنانہ خدمت کیلئے مخصوص کیا۔اس با برکت دن پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی۔جس کی قیادت عزت مآب بشپ یوسف سوہن نے فرمائی۔
 بشپ جی نے اپنے وعظ میں کہا کہ کاہن ہونا محض ایک ذمہ داری نہیں بلکہ محبت، قربانی اور خدمت کا عہد ہے۔ انہوں نے نو منتخب کاہنوں پر زور دیا کہ وہ عاجزی، شفقت اور سچائی کے ساتھ انجیل کی خوشخبری کو دنیا تک پہنچائیں۔
ڈیکن آکاش سعید،ڈیکن سلیمان ارجن،ڈیکن وجے وکرم اور ڈیکن وقاص سرفرازکو عزت مآب بشپ یوسف سوہن  نے اپنے دست ِ مبارک سے کہانت کی خدمت کیلئے مخصوص کیا۔
یہ دن ملتان کی ڈایوسیس کے لیے ایک تاریخی سنگ ِ میل ثابت ہوا، جب خدا کے فضل سے کلیسیا کی خدمت کے لیے اس ڈایوسیس کو چار نئے خادم ملے۔
اس تقریب میں مذہبی رہنماؤں، راہبات، سیمنیرینز، خاندانوں اور مومنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے نئے کاہنوں کے لیے دْعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔