سینٹ انتھونی پیرش، لاہور میں میٹرک میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد۔

 سینٹ انتھونی پیرش، لاہور میں میٹرک میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد
سینٹ انتھونی پیرش، لاہور میں میٹرک میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد

مورخہ 16 اگست 2026 کو سینٹ انتھونی پیرش، لاہور میں ریورنڈ فادر آصف سردار،وکر جنرل آرچ ڈایوسیس۔لاہور کی جانب سے میٹرک کے امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلبہ وطالبات کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب میں طلبہ وطالبات،والدین اور مومنین نے شرکت کی۔ریورنڈفادر آصف سردار نے کامیاب طالب علموں اور ان کے والدین کو ان کی محنت، لگن اور مسلسل کوششوں پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی کامیابی صرف طالب  علم کی محنت کا نتیجہ نہیں بلکہ والدین، اساتذہ اور ان تمام افراد کی کوششوں کا ثمر بھی ہے جو بچوں کی تعلیم و تربیت میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ میٹرک کی کامیابی ان کے تعلیمی سفر کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئے مرحلہ کا آغاز ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں بھی محنت، نظم و ضبط اور عزم کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھیں اور اپنی صلاحیتوں کو معاشرے اور ملک کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔
ریورنڈفادر آصف سردار نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں اور نوجوانوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری ایک بہتر اور مضبوط مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی اور شخصی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ مستقبل میں ذمہ دار اور باکردار شہری بن سکیں۔طلبہ وطالبات کی مزید حوصلہ افزائی کے لیے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں نقد انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو 20 ہزار روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 10 ہزار روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو 5 ہزار روپے بطور انعام دیے گئے۔ ان انعامات کا مقصد طلبہ کی محنت کو تسلیم کرنا اور انہیں آئندہ بھی بہترین تعلیمی کارکردگی کے لیے مزید محنت کی ترغیب دینا تھا۔
اس موقع پر ریونڈ فادر بینجمن جوزف اور ریورنڈ فادر شفاقت جان نے ریورنڈ فادر آصف سردار کے ہمراہ میٹرک کے امتحانات میں کامیاب ہونے والے 45 طلبہ وطالبات میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ طلبہ نے اس حوصلہ افزائی اور پذیرائی پر خوشی کا اظہار کیا اور اپنی تعلیم میں مزید محنت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
 

Daily Program

Livesteam thumbnail
Urdu Survey Popup