ریورنڈ فادر عمانیوئیل عاصی کی کاہنانہ گولڈن جوبلی بڑی عقیدت و شادمانی سے منائی گئی۔

مورخہ 17اپریل2024کوسیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل لاہور میں ریورنڈ فادر عمانیوئیل عاصی کی کاہنانہ گولڈن جوبلی بڑی عقیدت و شادمانی سے منائی گئی۔خوشی اور شکرگزاری کے اس بابرکت موقع پر پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی۔جس کی قیادت ریورنڈ فادر عمانیوئیل عاصی نے فرمائی جبکہ اْن کی معاونت ریورنڈ فادر یوسف مانی اور ریورنڈ فادرآصف سردار وکرِجنرل آرچ ڈایوسیس آف لاہور نے کی۔فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے دورانِ وعظ ریورنڈ فادر عمانیوئیل عاصی کو کہانت کے پچاس سال مکمل کرنے پر مبارک باد دی۔بشپ صاحب نے بتایا کہ کاہنانہ خدمت کا نچوڑ یہی ہے کہ یہ خدمت پھل دار ہو۔ وہ ہم میں سے چند ایک کو خاص طور پر چْنتا ہے تاکہ وہ کلیسیامیں کاہن،اْستاد اور چرواہے کہ طور پر فرائض سر انجام دیں۔بشپ صاحب نے بتایا کہ جب کاہنانہ مخصوصیت کے وقت اْمیدوار کو بلایا جاتا ہے تو وہ کہتا ہے میں حاضر ہوں۔ ریورنڈ فادر عمانیوئیل عاصی نے ناصرف اپنی کاہنانہ مخصوصیت کے وقت بلکہ ہر تقرری کے وقت کہا میں حاضر ہوں مجھے بھیج۔انہوں نے کہا ریورنڈ فادر عمانیوئیل عاصی آج سے 50سال پہلے یسوع کے پاک دل سے منسوب اسی کیتھیڈرل میں کاہن مخصوص ہوئے تھے۔ہم پاکستان کے اس وفاداربیٹے،آرچ ڈایوسیس لاہور کے فرزند،خدا کے مخلص خادم،مضبوط ایمان کے سپاہی،یسوع کے جوشیلے مبلغ،بابئیبل مقدس کے شیدائی ، بائیبل مقدس کے فروغ اور پھیلاؤ کے سر گرم کارکن،پاکستانی کلیسیا کی مضبوطی کے معمار ریورنڈفادر عمائیوئیل عاصی کو  پچاس سالوں کی کاہنانہ خدمت پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ ریورنڈفادر عمائیوئیل عاصی کی خدمات کسی سے بھی ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔کاہنانہ تربیت کی ذمہ داری ہو یا پاسبانی زندگی کی خدمات،بائیبل مقدس کا فروغ ہو یابائیبل مقدس کی درس و تدریس،کلیسیائی علمی زندگی ہویاکلیسیائی تعلیمات،عالمگیرکلیسیائی زندگی ہو یا ایشیائی پاکستانی زندگی،لوگوں کے ساتھ شراکتی عمل ہو یا مقامی کلیسیا کی مضبوطی اور استحکام،پاکستان کے کونے کونے میں جا کر فادر عمائیوئیل عاصی نے اپنی خدمت کے وسیلے سے خداوند یسوع کے مشن کو آگے بڑھایا ہے۔خدا نے فادر موصوف کو اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں سے نوازا ہے اور انہوں نے اپنی خدمت سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ مسیح میں قائم ہیں یہی وجہ ہے کہ خدا نے اپنے جلال کیلئے فادر عاصی کو استعمال کیا ہے۔اْن کی خدمت کلیسیا کیلئے بہت پھل لائی ہے جو نا صرف ہمارے بلکہ آنے والی نسلوں کیلئے بھی ہے۔آخر میں کہا بشپ صاحب نے کہا ہم ریورنڈ فادر عاصی کیلئے دْعا گو ہیں خدا کرے جس طرح وہ ان پچاس سالوں میں خداکے ساتھ اْس کے مومنین کے ساتھ وفادار رہے اسی طرح خدا انہیں آئندہ زندگی میں فضل دے تاکہ وہ اپنی بلاہٹ میں مضبوط رہیں اور خدا اپنے جلال کے لئے انہیں استعمال کرتا رہے۔
فضیلت مآب کارڈینل جوزف کوٹس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا آج میرے دل میں جو خوشی ہے اْسے لفظوں میں بیان کرنا بہت مشکل ہے۔کیونکہ اس کیتھیڈرل میں میری بہت سی یادیں ہیں۔ فضیلت مآب کارڈینل جوزف کوٹس نے بتایا کہ میں نے ریورنڈ فادر عمانیوئیل عاصی کے ساتھ لاہور سیمنری سے کراچی سیمنری تک کا سفر ایک ساتھ مکمل کیا اور پھر اپنی اپنی خدمت شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ ریورنڈ فادر عاصی کی خاص خوبی یہی ہے کہ اْن کی بائیبل مقدس سے گہری وابستگی ہے اور انہوں نے بائیبل مقدس کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیا ہے۔ کارڈینل جوزف کوٹس نے کہا کہ آج میرے لئے بھی فخر کی بات ہے کہ میں فادر عاصی جیسی عظیم ہستی کو 50سالوں سے بھی پہلے سی جانتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ریورنڈ فادر عاصی کی زندگی سے سیکھنا ہے۔وہ بالکل حلیم اور سادہ ہیں۔نا مہنگی گاڑی ہے نا مہنگے کپڑے پہنتے ہیں۔لیکن وہ عالم ہیں۔جنہیں بین الاقوامی سطح پر لیکچرز کیلئے بلایا جاتا ہے۔آخر میں کارڈینل جوزف کوٹس نے ریورنڈ فادر عاصی کو کاہنانہ گولڈن جوبلی پر مبارک باد پیش کی نیز مومنین سے کہا کہ وہ فادر عاصی کی اچھی زندگی کیلئے دْعا گو رہیں تاکہ ہم اسی طرح ان سے سیکھتے رہیں اور خدا کا کلام فروغ پائے۔
پروگرام کے دوسرے حصہ میں تمام مہمانوں کو خوبصورت ٹیبلو کے ذریعے خوش آمدید کہا۔JNS Tv کراچی کی جانب سے فادر عاصی کی زندگی پر بنائی گئی ڈاکومنٹر ی دیکھائی گئی۔اس کے بعدآرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء اوربشپ اندریاس رحمت اپنی مصروفیات کی وجہ سے ملک سے باہر ہیں لیکن انہوں نے ویڈیو پیغام کے ذریعے ریورنڈ فادر عمانیوئیل عاصی کو کاہنانہ خدمت کی گولڈن جوبلی کی مبارک باد دی اور مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
ڈاکٹر کلثوم مشتاق جو مالٹا سے آئی تھیں انہوں نے ریورنڈ فادر عاصی کی گولڈن جوبلی کیلئے یورپ اور دیگر دوسرے ممالک سے لوگوں کے بھیجے گئے پیغامات کو  پڑھ کر سْنایا۔
 بعدازاں بشپ سیموئیل روبٹ اعزرایا،بشپ عرفان جمیل،ریورنڈ فادر بونی مینڈس،ریورنڈ فادر رفائیل مہنگا،ریورنڈ ڈاکٹر قیصر جولیس،سسٹر زرینہ جمال ایف۔ایم۔ایم،ریورنڈ فادر محبوب ایورسٹ او۔ایف۔ایم کیپ،ریورنڈ اظہر مشتاق جنرل سیکریٹری بابئیبل سوسائیٹی،سسٹرشمائیلہ مہنگا پرونشل ایف۔ٹی۔ایل،پادری حنوک حق،ریورنڈ فادر مختار عالم نے اظہارِخیال پیش کیا۔
ریورنڈفادر عمانیوئیل عاصی نے اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے کہا میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کیونکہ اتنی میری حیثیت نہیں تھی جیتا اْس نے مجھے عطا کیا۔ انہوں نے کہا میری تربیت،میری زندگی اور کاہنانہ خوبیوں میں میرے ابو کے اثرات نمایاں ہیں۔انہوں نے اپنے خاندان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے فادر عاصی کے دل میں ایمان کا بیج بویا۔ فادر موصوف نے اْن تمام کیپوچن مشنریوں کو بھی یاد کیا جنہوں نے اْن کے بپتسمہ سے لے کر کاہن بننے تک اْن راہنمائی اور تربیت کی۔انہوں نے تمام مناد صاحبان،تمام کاہنوں،بشپ صاحبان،راہبانہ گھرانوں نیزچرچ آف پاکستان کے تمام بشپ صاحبان کا بھی شکریہ ادا کیا جو ہر طرح سے اس 50سالہ سفر میں انکے ساتھ رہیں۔فادر عمانیوئیل عاصی نے اپنے تما م اْساتذہ اکرام جو سکول سے لے کر سیمنیری تک اْنکی کامیابی کی راہیں ہموار کرتے رہے اْن کو بھی سلام پیش کیا۔اپنے تمام دوستوں کاجن میں خاص طور پر کارڈینل جوزف کوٹس اور ریورنڈ فادر یوسف مانی کا بھی شکریہ ادا کیا جو تقریباً60سال سے اْن کے ساتھ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میں نے اب تک 13پیرشیز میں خدمت کی ہے جس میں مجھے سب سے زیادہ برکات مریم آباد پیرش اور سینٹ انتھنی پیرش سے ملیں اور میں نے وہ برکات دوسروں میں بانٹی ہیں۔اپنی کاہنانہ خدمت کے 35سال مکتبہ عناویم اور 22سال کیتھولک بائیبل کمیشن پاکستان میں خدمت کی۔انہوں نے ان تمام اداروں کے ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا۔فادر عاصی نے اْن تمام بین الاقوامی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی بدولت وہ اپنی خدمت کو مزید موثر بنا پائے۔آخر میں اْنہوں نے اس کاہنانہ گولڈن جوبلی میں شامل تما م شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
آخر میں جوبلی کا کیک کاٹا گیا یاد گار گروپ فوٹو بنائی گئی۔

Daily Program

Livesteam thumbnail