سیکرڈہارٹ کیتھڈرل لاہور میں ریورنڈ فادر عمانوئیل یوسف مانی اور ریورنڈ فادر جوزف جولیس کی کاہنانہ گولڈن جوبلی بڑی شادمانی سے منائی گئی۔

مورخہ 9جنوری 2026کوسیکرڈہارٹ کیتھڈرل لاہور میں ریورنڈ فادر عمانوئیل یوسف مانی اور ریورنڈ فادر جوزف جولیس کی کاہنانہ گولڈن جوبلی بڑی شادمانی سے منائی گئی۔ اس موقع پر شکرگزاری کی خصوصی پاک ماس ادا کی گئی جس کی صدارت ریورنڈفادر عمانیوئیل یوسف مانی نے کی۔پاک ماس کے آغا زمیں گولڈن جوبلی کی شمع روشن کی گئی۔ اس روحانی تقریب میں مختلف ڈایوسیز سے بشپ صاحبان، کاہن صاحبان، سسٹرزصاحبات،مبشرانِ انجیل اور بڑی تعداد میں مومنین نے شرکت کی اور جوبلی منانے والے دونوں کاہنوں کی نصف صدی پر محیط خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
عزت مآب بشپ سیمسن شکر دین(چیئرمین کیتھولک بشپس کانفرنس پاکستان)  نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ان عظیم شخصیات یعنی ریورنڈ فادر  جوزف جولیس اورریورنڈ فادرعمانوئیل یوسف مانی کو خراجِ تحسین پیش کرنا دراصل پاکستان کی کلیسیا کی خدمت، قربانی اور جدوجہد کو سلام پیش کرنے کے مترادف ہے۔کیتھولک بشپس کانفرنس آف پاکستان کی جانب سے جوبلی منانے والے ان کاہنوں کو مبارکباد پیش کرنا میرے لئے ایک بڑا اعزاز ہے۔ یہ وہ شخصیات ہیں جنہوں نے برسوں تک بالخصوص لاہور ڈایوسیس میں نہایت گرم جوشی اور مستقل مزاجی کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ ان کی زندگی ایک سنگِ میل ہے، کیونکہ انہوں نے نہ صرف کلیسیا کو بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اپنی خدمت سے فائدہ پہنچایا۔ آج بھی یہ مختلف انداز اور مختلف صورتوں میں اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ان کی خدمات صرف مسیحیوں تک محدود نہیں رہیں بلکہ ہر مذہب کے بیماروں اور مظلوم انسان تک پہنچیں۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کاہنوں کو گولڈن جوبلی کی مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک دونوں فادر صاحبان کی زندگی خدا کی خدمت اور موسیقی سے گہرے طور پر جڑی ہوئی تھی۔ انہوں نے نہ صرف اپنے فن کو عبادت کا ذریعہ بنایا بلکہ اپنی لگن، محنت اور خلوص کے ذریعے کلیسیائی زندگی کو مزید بامعنی اور پُررونق بنا دیا۔ سُر اور تال کے ساتھ عبادت کو پیش کرنا ان کا خاص وصف تھا، جس نے بے شمار دلوں کو روحانی طور پر متاثر کیا۔پاکستان میں گوسپل سنگنگ کو فروغ دینے میں ان دونوں فادرز کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو موسیقی کے ذریعے خدا کے قریب لانے کی کوشش کی اور یہ ثابت کیا کہ عبادت صرف الفاظ سے نہیں بلکہ دل کی آواز اور روح کی گہرائی سے بھی ہوتی ہے۔خصوصاً ریورنڈفادر جوزف جولیس نے کیٹی کیسٹ کمیشن اور مریم آباد زیارت کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ بشپ صاحب نے بتایا کہ میں نے ریورنڈ فادرعمانوئیل یوسف مانی  کے ساتھ مل کر گوجرانوالہ میں خدمات انجام دیں ہیں۔ چونکہ مجھے اْن کی زندگی کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا، اس لیے میں پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ وہ لاہور ڈایوسیز کی نہایت اہم ترین اور قابلِ احترام شخصیت ہیں۔ریورنڈ فادر عمانیوئیل مانی نہ صرف ایک روحانی رہنماہیں بلکہ
 بین الاقوامی سطح پر امن، انصاف، انسانی حقوق اور انسانی عظمت کے لیے آواز بلند کرنے والی شخصیت بھی ہیں۔ انہوں نے اپنے کردار، عمل اور خدمت کے ذریعے اپنا نام روشن کیا اور دوسروں کے لیے ایک مثال قائم کی۔
ٓٓبشپ صاحب نے آخر میں کہا کہ ایسے لوگ صرف اپنے دور کے نہیں ہوتے، بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ بن جاتے ہیں۔
پا ک ماس میں دورانِ وعظ ریورنڈ فادر عمانیوئیل عاصی نے دونوں فادرز کی کلیسیائی، سماجی اور روحانی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگیاں خدمت، قربانی اور محبت کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے امن، انصاف، انسانی وقار اور کلیسیا کی مضبوطی کے لیے بہت کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریورنڈ فادر عمانوئیل یوسف مانی کو نیشنل کمیشن فار جسٹس اینڈ پیس (NCJP) کے ذریعے امن، انصاف اور انسانی حقوق کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے پر قومی و بین الاقوامی سطح پر پہچان حاصل ہے، جبکہ ریورنڈ فادر جوزف جولیس نے تعلیم، تربیت اور روحانی رہنمائی کے میدان میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔
فادر موصوف نے کہا کہ اِن دونوں کاہنوں نے اپنی خدمت سے یہ ثابت کیا کہ وہ مسیح میں قائم ہیں۔اْن کی خدمت کلیسیا کیلئے بہت پھل لائی ہے جو نا صرف ہمارے بلکہ آنے والی نسلوں کیلئے بھی ہے۔اور آخر میں دونوں کاہنوں کو گولڈن جوبلی کی مبارک باد پیش کی۔
پاک ماس کے بعد ریورنڈ فادرعمانوئیل یوسف مانی اور ریورنڈ فادر جوزف جولیس کا ڈھول کی تھاپ پر پْرتپاک استقبال کیا گیا۔امن کی علامت کے طور پر کبوتر ہوا میں اْڑائے گئے نیر غبارے بھی ہوا میں چھوڑے گئے۔
ریورنڈ فادر جوزف شہزاد (ڈائریکٹرکیتھولک بائیبل کمیشن پاکستان) نے کہاکہ آرچ ڈایوسیس لاہور کے لیے آج کا دن واقعی خوشی، فخر اور شکرگزاری کا دن ہے۔ یہ جوبلی صرف پچاس سالہ سفر کا سنگِ میل نہیں، بلکہ خدا کی خدمت میں ثابت قدم رہنے کی ایک طاقتور گواہی بھی ہے۔ یہ سب کچھ صرف خدا کے فضل اور اس کی عنایت کا نتیجہ ہے۔
ان کاہنوں کی زندگی، ان کی خدمات، ان کی محنت اور ان کی وفاداری ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ کہانت صرف انسانی طاقت سے قائم نہیں رہتی، بلکہ خدا کی مرضی کو پورا کرنے اور اس کی پیروی کرنے سے مکمل ہوتی ہے۔ ان کی جدوجہد ہمیں یاد دلاتی ہے کہ حقیقی خدمت وہ ہے جو خود کو خدا کے حوالے کر کے، خاموشی اور وفاداری کے ساتھ انجام دی جائے۔انہوں نے آخر میں کہا یہ جوبلی نہ صرف ماضی کی کامیابیوں کا اعتراف ہے بلکہ مستقبل کے لیے اْمید اور حوصلے کا پیغام بھی ہے۔ یہ ہمیں دعوت دیتی ہے کہ ہم بھی اپنی زندگیوں میں اسی وفاداری کو اپنائیں جو ان عظیم خادموں کی زندگیوں سے جھلکتی ہے۔اس موقع پر دونوں کاہنوں کو اْن کی کاہنانہ خدمت کی گولڈن جوبلی پر یادگار شیلڈ پیش کی۔ آخر میں ریورنڈفادر عمانوئیل یوسف مانی اور ریورنڈ فادر جوزف جولیس نے اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے تمام بشپ صاحبان، کاہنوں،راہبانہ گھرانوں مناد صاحبان کا بھی شکریہ ادا کیا جو ہر طرح سے اس 50سالہ سفر میں انکے ساتھ رہیں جن کی بدولت وہ اپنی خدمت کو مزید موثر بنا پائے۔
بعدازاں گولڈن جوبلی کا کیک کاٹا گیا۔