دومینیکن سسٹرز آف آور لیڈی آف دی روزری کے نئے کانونٹ کی تقدیس
مورخہ 22 اگست 2026 کوفضیلت مآب آرچ بشپ خالدرحمت نے اپنے دستِ مبارک سے نیو مسلم ٹاؤن۔ لاہور میں دومینیکن سسٹرز آف آور لیڈی آف دی روزری کے نئے کانونٹ کی رسم تقدیس ادا کر دی گئی۔ اس موقع پر پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی جس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے جبکہ ریورنڈ فادر آصف سردار،وکر جنرل۔آرچ ڈایوسیس لاہور، ریورنڈ فادر اعجاز بشیر کیپوچن برادری کے سردارِ اعلیٰ، اور یورنڈ فادر پاسکل پولوس او پی، دومینیکن برادری کے وائس پروونشل نے معاونت فرمائی۔
دورانِ وعظ فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے دومینیکن سسٹرز کو نئے کانونٹ کے قیام پر مبارک باد پیش کی اور اِس اْمید کا اظہار کیا کہ یہ گھرِ مذہبی زندگی، دْعا، خدمت اور مسیحی گواہی کا مرکز بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ خداوند کی خدمت کے لیے وقف افراد اور مذہبی برادریاں کلیسیا کے مشن کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ ان کی دعائیہ زندگی اور خدمت معاشرے کے لیے اْمید اور محبت کا پیغام بنتی ہے۔
رسمِ تقدیس کے دوران نئے کانونٹ کو پاک پانی سے برکت دی گئی۔ دومینیکن سسٹرز نے اس موقع پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے آرچ ڈایوسیس آف لاہور اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے نئے کانونٹ کے قیام میں تعاون کیا۔
