خدا کے خادم آکاش بشیر کی شہادت کی 11ویں برسی سینٹ جانز کیتھولک چرچ  یوحنا آباد میں عقیدت و احترام سے منائی گئی۔

مورخہ 15مارچ2026کو سینٹ جانز کیتھولک چرچ یوحنا آباد میں خدا کے خادم آکاش بشیر کی شہادت کی 11ویں برسی نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی۔پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذز گزرانی گئی جس کی قیادت ریورنڈ فادر اکرم جاوید نے فرمائی  جبکہ معاونت ریورنڈ فادر امجد یوسف اور ڈیکن اینڈریو نے کی۔
اس دن مومنین نے آکاش بشیر کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے اُس کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔جس نے 15 مارچ 2015 کے المناک واقعے کے دوران سینکڑوں عبادت گزاروں کی جان بچانے کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔پاک ماس کے بعد آکاش بشیر کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا نیزپھول نچھاور کیے اور شمعیں روشن کیں۔ یہ سادہ مگر بامعنی اعمال اُس ”مسیح کے نور“کی علامت تھے جس کا دفاع آکاش بشیر نے بے خوفی کے ساتھ کیا۔
یاد رہے آکاش بشیر وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہیں ویٹیکن کی جانب سے باضابطہ طور پر”خدا کے خادم“کا خطاب دیا گیا۔ اُن کی میراث آج دنیا بھر میں بہادری اور ایمان کی ایک روشن مثال بن چکی ہے۔ اُن کے آخری الفاظ میں مر جاؤں گا، مگر تمہیں اندر جانے نہیں ہونے دوں گا“آج بھی ایک عظیم اور جرات مندانہ گواہی کے طور پر گونج رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آکاش بشیر کی گواہی آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔ اُن کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے مومنین نے امن، ایمان اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے عہد کی تجدید کی۔

Daily Program

Livesteam thumbnail