تعلیم محض ایک پیشہ نہیں بلکہ بلاہٹ ہے۔فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد

مورخہ 6جولائی 2026 کو اسلام آباد،راولپنڈی ڈایوسیس میں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی رہنمائی میں ڈایوسیزن بورڈ آف ایجوکیشن کے سالانہ اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں ڈائیوسیس کے کیتھولک سکولز کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تین روزہ جنرل ایجوکیشنل اسمبلی کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے بورڈ کے آئندہ پانچ سالہ منصوبے، ترجیحی اہداف اور عملی اقدامات پر بھی غور کیا۔نیز چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کے نفاذ اور اس پر عمل درآمد سے متعلق بھی بت چیت کی گئی، جس میں بچوں کے تحفظ کو تعلیمی اداروں کی اولین ترجیحات میں شامل رکھنے کے عزم کیا گیا۔
ڈائیوسیزن بورڈ آف ایجوکیشن کے چیئرمین کی فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد نے  اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو اپنے مالی وسائل کا مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کرنا چاہیے تاکہ طویل المدتی مالی استحکام برقرار رہے اور مالی مشکلات کسی بھی طالب علم کی معیاری تعلیم تک رسائی میں رکاوٹ نہ بنیں۔انہوں نے کیتھولک سکولوں کے سربراہان پر زور دیا  کہ وہ مضبوط اور مؤثر قیادت کو فروغ دیں، مالی وسائل کا دانشمندانہ انتظام یقینی بنائیں اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے اپنے مشن پر ثابت قدم رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے فرائض کو محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک بلاہٹ سمجھ کر انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک کامیاب سربراہ،اساتذہ کے لیے باعثِ ترغیب، طلبہ کے لیے رہنما اور ادارے میں اعتماد، دیانت داری اور باہمی احترام کی فضا قائم کرنے والا ہوتا ہے۔
 فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد نے والدین، مقامی برادری اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط شراکت داری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کیتھولک سکولوں کو معاشرے سے جڑے رہتے ہوئے نہ صرف اعلیٰ تعلیمی معیار کو برقرار رکھنا چاہیے بلکہ ایسے طلبہ کی تربیت بھی کرنی چاہیے جو مضبوط اخلاقی اقدار، ایمانی شعور اور سماجی ذمہ داری کے حامل ہوں۔

Daily Program

Livesteam thumbnail