ایف اے بی سی کے صدر نے جنرل اسمبلی میں ریٹریٹ کی قیادت پر کارڈینل تاگلے کا شکریہ ادا کیا۔

 کارڈینل تاگلے
کارڈینل تاگلے

 فیڈریشن آف ایشین بشپس کانفرنسز (FABC) کے صدر کارڈینل فلیپ نیری فیراؤ نے 22 جولائی کو منعقد ہونے والی 12ویں ایف اے بی سی جنرل اسمبلی کے دوران یومِ دْعا و روحانی غوروفکرکی قیادت کرنے پر کارڈینل لوئس انتونیو۔ تاگلے کا دلی شکریہ ادا کیا۔ہوٹل مولیا کے ”جربیرا روم“ میں ایک روزہ ریٹریٹ کے اختتام پر منعقدہ یوخرستی عبادت کے بعد خطاب کرتے ہوئے کارڈینل فیراؤ نے کہا کہ وہ نہ صرف ریٹریٹ کی قیادت کی دعوت قبول کرنے پر کارڈینل تاگلے کے شکر گزار ہیں بلکہ اس بات پر بھی اْن کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ْانہوں نے اسمبلی کے ابتدائی ایام میں بشپ صاحبان اور شرکاء کے ساتھ ایک بھائی کی حیثیت سے سفر کیا۔انہوں نے کہا کہ اس ریٹریٹ نے شرکاء کو جنرل اسمبلی کے کام کے لیے روحانی طور پر تیار کیا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو دنوں سے کارڈینل تاگلے ہمارے ساتھ ایک بھائی کی حیثیت سے موجود رہے ہیں۔ انہوں نے دْعا اور روحانی غوروفکر کے اس دن کی رہنمائی کی، ہمیں درست ذہنی و روحانی آمادگی عطا کی اور جنرل اسمبلی کے اس سفر کو جاری رکھنے کے لیے صحیح سمت فراہم کی۔
اپنی گفتگو کے دوران کارڈینل فیراؤ نے اپنے سیمنری کے زمانے کا ایک دلچسپ واقعہ بھی سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک نو مقرر کاہن کی پہلی عوامی تقریر کو کسی نے ”حرکت پیدا کرنے والی، سکون بخش اور اطمینان دلانے والی“ قرار دیا، مگر بعد میں معلوم ہوا کہ سامعین تقریر کے دوران ہال سے باہر نکل گئے، کچھ سو گئے، اور باقی اس بات پر مطمئن تھے کہ آئندہ انہیں دوبارہ مدعو نہیں کرنا پڑے گا۔اس پر شرکاء میں قہقہے گونج اٹھے، جس کے بعد انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں یہ تین الفاظ استعمال نہیں کروں گا، لیکن میں کارڈینل تاگلے سے ضرور کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کی گفتگو نے ہمارے دلوں کو چھوا، ہمیں تحریک دی اور ہماری بصیرت کو روشن کیا۔
ریٹریٹ کے دوران کارڈینل تاگلے نے شرکاء کو مسیح کے ساتھ اپنے تعلق کو مزید گہرا کرنے کی دعوت دی، جبکہ اسمبلی کے مرکزی موضوع ”ایشیا میں مشن اور رفاقت کے لیے پْل اور پْل بنانے والے بننا“ پر غوروفکر کی رہنمائی بھی کی۔ان کی روحانی گفتگو میں سنڈی تبدیلی، عام انسانوں اور روزمرہ کے حالات میں خدا کی حضوری کو پہچاننے، اور دوسروں کو تعصب کے بجائے اْمید کی نگاہ سے دیکھنے کے لیے ”مسیح یسوع کی آنکھیں“ رکھنے جیسے موضوعات پر خصوصی زور دیا گیا۔
کارڈینل فیراؤ نے کہا کہ آپ نے ہمیں یہ احساس دلایا کہ مسیح یسوع سے ملاقات اور اُن کا ذاتی تجربہ کرنا کس قدر اہم ہے۔ اگر ہم واقعی پْل اور پْل بنانے والے بننا چاہتے ہیں تو ہمیں مسیح یسوع کی بصیرت درکار ہے تاکہ ہم اپنی زندگی، کلیسیا اور معاشرے میں خدا کے عظیم کاموں کو دیکھ سکیں۔انہوں نے ایف اے بی سی کے ساتھ کارڈینل تاگلے کے دیرینہ تعلق کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کی یہ اسمبلی ان کی ساتویں ایف اے بی سی جنرل اسمبلی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ ایف اے بی سی خاندان کا حصہ ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ آپ روم میں اپنی خدمت انجام دے رہے ہیں، اور ہم آپ کو اپنی برادرانہ یکجہتی اور مسلسل دعاؤں کا یقین دلاتے ہیں تاکہ آپ اپنی اہم ذمہ داریاں بخوبی انجام دے سکیں۔

کارڈینل فیراؤ
کارڈینل فیراؤ

کارڈینل فیراؤ نے مزید کہا کہ چونکہ آپ جسمانی طور پر پاپائے اعظم کے قریب ہیں، اس لیے براہِ کرم پوپ لیو تک ہماری فرزندانہ وفاداری اور ان کے لیے ہماری پُرجوش دْعاؤں کا پیغام بھی پہنچا دیجیے گا۔انہوں نے اس موقع پر افریقہ و مڈغاسکر کی بشپس کانفرنسزکے سمپوزیم (SECAM) کے صدر کارڈینل فریڈولین بیسونگو امبونگو اور لاطینی امریکہ و کیریبین ایپسکوپل کونسل (CELAM) کے صدر کارڈینل جائمے اسپینگلرکا بھی بطور مشیر جنرل اسمبلی میں شرکت پر خیرمقدم کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
اپنے اختتامی کلمات میں کارڈینل فیراؤ نے یوخرستی عبادت کی کمیٹی، سسٹر صاحبات، کاہنوں اور انڈونیشیا کے صوبہ مشرقی نوسا ٹینگارا کے جزیرہئ فلورس میں واقع روٹینگ ڈایوسیس کے پرایما اُنگگل یتیم خانے کے بچوں پر مشتمل کوائر کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پوری تقریب کے دوران دْعا اور روحانیت سے بھرپور ماحول قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔