امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ فخر: فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کا عالمی رہنماؤں کو مکالمہ کا پیغام
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد،بشپ آف راولپنڈی اسلام آبادنے جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی قیادت نے دانشمندی اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا، جو قابلِ تحسین ہے اور قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں ایک کیتھولک مسیحی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ذمہ دارانہ سفارتکاری کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے ثالثی اور مذاکرات کی کوششیں عالمی سطح پر ایک مثبت اور امید افزا پیش رفت ہیں۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ اور تصادم ہمیشہ انسانیت کے لیے درد، نقصان اور تباہی کا باعث بنتے ہیں، اس لیے عالمی رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ تحمل، بردباری اور مکالمہ کے ذریعے مسائل کا پرامن حل تلاش کریں۔