اسلام آباد راولپنڈی ڈایوسیس کے کیتھولک انسٹی ٹیوٹ میں مسیحی نرسوں کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد

مورخہ 20جنوری 2025کواسلام آباد راولپنڈی ڈایوسیس کے کیتھولک انسٹی ٹیوٹ میں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی رہنمائی میں مسیحی نرسوں کیلئے ایک گیٹ ٹوگیدر کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد پاکستان کی مسیحی نرسوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا نیز اْن کے شعبہ میں درپیش چیلنجز کے بارے میں بات چیت کرناتھا۔
 تقریب کے آغاز میں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے خوش آمدید کہا گیا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بشپ صاحب نے کہا کہ نرسنگ کا پیشہ اعلیٰ احترام کا مستحق ہے۔ بیماروں کیلئے سفید لباس میں نرس فرشتے کی مانند ہوتی ہیں۔ان کے مددکرنے والے ہاتھ، پیشہ وارانہ مہارت، ڈھارس اور تسلی بھرے الفاظ مریض کو اپنی بیماری سے لڑنے کی ہمت دیتے ہیں۔آخر میں انہوں نے ملک بھر کے مختلف ہسپتالوں میں مسیحی نرسوں کی بے لوث خدمات کو سراہا۔
مسز صائقہ فریاد نے بطور پیشہ نرسنگ کے موضوع پر ایک متاثر کن ملٹی میڈیا پریزنٹیشن پیش کی۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ نرسنگ کا پیشہ صرف ایک کام نہیں بلکہ خدمت ہے۔اس لئے اسے مکمل وفاداری اور ایمانداری سے سر انجام دیں۔