آور لیڈی آف ساروزکیتھولک چرچ، مری میں قومی کمیشن برائے کلرجی اور سیمنریز کی جانب سے نوجوان کاہنوں کے لیے ایک تربیتی نشت کا انعقاد
مورخہ یکم تا 5 جون 2026 کو آور لیڈی آف ساوز کیتھولک چرچ، پنڈی پوائنٹ، مری میں قومی کمیشن برائے کلرجی اور سیمنریز کی جانب کاہن صاحبان کے لیے ایک تربیتی نشت کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں پاکستان کے تمام ڈایوسیس سے تقریباً 55 نوجوان کاہنوں نے شرکت کی۔
اس موقع پرفضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد (چئیر مین۔ قومی کمیشن برائے کلرجی اور سیمنریز) نے کاہنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کہ یہ نشت غور و فکر، تعلیم و تربیت، برادرانہ رفاقت اور روحانی تجدید کا ایک قیمتی موقع ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آج کلیسیا کو ایسے کاہنوں کی ضرورت ہے جو بشارتی خدمت کے لیے بھرپور طور پر تیار ہوں، روحانی طور پر مضبوط، علمی طور پر باصلاحیت، جذباتی طور پر متوازن اور انسانی لحاظ سے بالغ ہوں۔ ہمارے موجودہ دور کے چیلنجز ایسے کاہنوں کا تقاضا کرتے ہیں جو حکمت، ہمدردی اور گہرے احساسِ مشن کے ساتھ مومنین کی رفاقت اور رہنمائی کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کہانت کا تحفہ خدا کی طرف سے ایک قیمتی نعمت ہے جسے ہر روز قدر کی نگاہ سے دیکھنا اور پروان چڑھانا ضروری ہے۔ بشپ جی نے ہر کاہنوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بلاہٹ میں ثابت قدم رہیں، پاکیزگیِ حیات کو فروغ دیں اور زندگی بھر جاری رہنے والی تربیت کو فراخ دلی اور عزم کے ساتھ اپنائیں اور انجیل کے قابلِ اعتماد گواہ اور خدا کے لوگوں کے خوش مزاج خادم بنیں۔
ریورنڈ فادر پیٹرک سیموئیل،او۔ایف۔ایم کیپ (ایگزیکٹو سیکریٹری،قومی کمیشن برائے کلرجی اور سیمنریز) نے کہا کہ ان بابرکت ایام کے دوران شرکاء نے دس علمی و تربیتی نشستوں سے استفادہ کیا، جن میں کاہنانہ زندگی کی مسلسل تشکیل و تربیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔ ان میں روحانی، فکری، انسانی اور کلیسیا و معاشرے کو درپیش عصری چیلنجز شامل تھے۔ ان نشستوں نے شرکاء کو غور و فکر، سیکھنے، برادرانہ رفاقت اور خدا کے لوگوں کی خدمت میں تجدیدِ عزم کے قیمتی مواقع فراہم کیے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ دْعا ہے کہ خداوند اس عظیم کاوش میں شریک ہونے والے تمام کاہنوں کو اپنی برکتوں سے نوازتا رہے اور ہمیں اپنی بلاہٹ میں مضبوط کرتے ہوئے اپنی کلیسیا کی خدمت نئے جوش، ولولے اور عزم کے ساتھ کرنے کی توفیق عطا فرمائے،اور مبارک کنواری مریم ہماری بلاہٹ اور مشن میں رہنمائی اور رفاقت فرماتی رہیں۔