امن کے لیے دْعا کریں اور جنگ سے متاثرہ خاندانوں کو یاد رکھیں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 28دسمبر2025کوسینٹ پیٹرز اسکوائر میں پاک خاندان کی عید کے موقع پرپوپ لیو چہاردہم نے اس بات پر غور کیا کہ مسیحی خاندان کس طرح ایسی دنیا میں روشنی بن سکتے ہیں جو اکثر تنہائی، مایوسی، تقسیم اور تنازعات سے بھری ہوئی ہے۔انہوں نے مومنین سے یہ اپیل بھی کی کہ وہ دنیا میں امن کے لیے مسلسل دْعا کریں خاص طور پر اُن خاندانوں کے لیے جو پُرتشدد جنگوں کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کرسمس کی روشنی میں، آئیں ہم امن کے لیے دْعا جاری رکھیں۔ آج خاص طور پر، ہم اُن خاندانوں کے لیے دْعا کریں جو جنگ کے باعث دْکھ اْٹھا رہے ہیں اْنھیں ناصرت کے پاک خاندان کی شفاعت کے سپرد کریں۔
پوپ لیو نے اس بات پر زور دیا کہ مسیحی خاندان اُس معاشرے میں روشنی بن سکتے ہیں جو نہ صرف تنازعات بلکہ تنہائی اور اختلافات سے بھی دوچار ہیں۔
انہوں نے خاندانوں کو دعوت دی کہ وہ انجیل کی اقدار کو اپنائیں۔دْعا کو اہمیت دیں خصوصاً اعترافِ گناہ، پاک ماس،صحت مند جذبات، خلوص پر مبنی مکالمہ، وفاداری اور روزمرہ زندگی کے سادہ مگر خوبصورت الفاظ اور اعمال کو فروغ دیں۔انہوں نے خاندانوں کواْمید کی روشنی،محبت کا مدرسہ اور خدا کے ہاتھوں نجات کا وسیلہ بننے کی دعوت دی۔
پوپ لیو نے بیان کیا کہ کس طرح فرشتہ مقدس یوسف پر ظاہر ہوا اور اُسے مصر کی طرف بھاگ جانے کا حکم دیا کیونکہ بادشاہ ہیرودیس نومولود یسوع کو قتل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔پوپ لیو نے ہیرودیس کوایک ظالم اور خونخوار شخص قرار دیا جو گہری تنہائی کا شکار اور اپنے اقتدار کے چھن جانے کے خوف میں مبتلا تھا۔انہوں نے وضاحت کی کہ اُس کی سلطنت میں خدا تاریخ کا سب سے بڑا معجزہ انجام دے رہا تھا، جس میں نجات کے
تمام قدیم وعدے پورے ہو رہے تھے، مگر وہ اسے دیکھ نہ سکا کیونکہ وہ اپنے تخت، دولت اور مراعات کے کھو جانے کے خوف سے اندھا ہو چکا تھا۔
تاہم، پوپ لیونے زور دے کر کہا کہ اْس کے دل کی یہی سختی پاک خاندان کی موجودگی اور مشن کی قدر کو مزید زیادہ نمایاں کر دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اُس آمرانہ اور لالچی دنیا میں، جس کی نمائندگی ظالم بادشاہ کرتا ہے، پاک خاندان ہی اُس واحد ممکنہ نجاتی جواب کی جائے پیدائش اور گہوارہ ہے یعنی وہ خدا جو مکمل بے لوث محبت، بغیر کسی دعوے اور شرط کے، خود کو انسانوں کے حوالے کر دیتا ہے۔
پوپ لیو نے اس بات کو بھی اْجاگر کیا کہ مقدس یوسف خدا کے منصوبے کا فرمانبردار ہے اور مصر میں گھریلو محبت کی وہ لو، جس کے ذریعے خداوند نے دنیا میں اپنی موجودگی کو محفوظ کیا تاکہ پوری دنیا کے لیے روشنی بن سکے۔اپنے پیغام کے اختتام پر، پوپ لیو چہاردہم نے مقدسہ مریم اور مقدس یوسف کی شفاعت کے وسیلے سے خداوند سے دْعا کی کہ وہ دنیا بھر کے تمام خاندانوں کو برکت دے، تاکہ مسیح کی مثال پر چلتے ہوئے وہ سب کے لیے اُس کی موجودگی اور اُس کی لامحدود محبت کی مؤثر علامت بن سکیں۔