مقدسہ لوسی (آنکھوں کی مربیہ)

مقدسہ لوسی سسلی کے مقام سیرا کوزے میں ایک امیر اور معزز گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ چھوٹی عمر میں آپ کے والد انتقال کر گئے۔ آپ انتہائی خوبصورت تھیں اور آپ کی پرکشش آنکھوں کی وجہ سے خاصی پسند کی جاتی تھی۔ آپ کی مسیحی تعلیم و تربیت عطا کی والدہ نے کی۔ آپ شروع ہی سے دْعا اور بندگی کی طرف راغب تھیں۔آپ نے خود کو خداوند کے سامنے ہمیشہ پاک دامنی کی زندگی بسر کرنے کیلئے پیش کر دیا۔ جب آپ جوان ہوئی تو آپ کے والدہ نے آپ کی شادی ایک غیر مسیحی سے طے کر دی لیکن آپ نے اپنی والدہ کو اس بات سے منع کر دیا۔ آپ تقریبا تین برس تک شادی کی رسم کو ٹالتی رہیں تاکہ اس عرصے میں آپ کی والدہ اپنا ذہن بدل لیں لیکن جب ایسا نہ ہوا تو آپ کے ذہن میں اپنی والدہ کا دل جیتنے کے لیے ایک خیال آیا۔چونکہ آپ کی والدہ اکثر بیمار رہتی تھی آپ نے اْن کو مقدسہ اگاتھا کی زیارت گاہ پر چلنے کو کہا۔ تاکہ اْس مقدسہ سے شفا کے لیے درخواست کر سکیں۔ جب آپ اپنی والدہ کو لے کر وہاں دْعا کر رہی تھیں تو اْن کو معجزانہ طور پر شفا مل گئی۔آپ نے اپنی والدہ کو نہ صرف دْعا کے بارے میں بتایا بلکہ اپنے اْس وعدے سے بھی آگاہ کیا جو آپ نے پاک دامنی کے لیے خداوند کے حضور کیا تھا۔اس پر آپ کی والدہ نے آپ کو اپنے طور پر زندگی بسر کرنے کی اجازت دے دی۔ آپ نے اپنی والدہ سے درخواست کی کہ میرے جہیز کا سارا سامان غریبوں میں بانٹ دیا جائے۔ جب آپ کے فیصلے کا علم اْس نوجوان کو ہوا جس سے آپ کی شادی طے ہوئی تھی تو وہ نہایت غمگین ہوا اور طیش میں ا ٓکر اْس نے حکمرانوں کو اطلاع دی کہ آپ مسیحی ہیں۔ اس پر حکم دیا گیا کہ آپ کو گرفتار کر لیا جائے۔ سب سے پہلے آپ کو بتوں کے سامنے قربانی دینے کے لیے کہا گیا۔ جب آپ نے انکار کیا تو آپ کو کچھ برْی عورتوں کے گھر بھیج دیا گیا لیکن آپ نے اپنی دْعا اور ریاضت کے ساتھ اپنی پاکیزگی کو برقرار رکھا۔ ایک بار جب کچھ لوگوں نے زبردستی آپ کو اْٹھانا چاہا تو آپ اتنی بھاری ہو گئیں کہ وہ آپ کو ہلا بھی نہ سکے۔غصے میں آ کر انہوں نے آپ کے اِرد گرد آگ لگا دی۔ جب بہت ساری اذیتیں دینے کے بعد بھی آپ اْن کی خواہشات پر نہ چلیں تو حکم دیا گیا کہ آپ کی آنکھیں نوچ لی جائیں جیسے ہی ایسا کیا گیا تو خداوند نے آپ کو اْسی وقت پہلے سے بھی زیادہ خوبصورت آنکھیں عطا کیں بعدازاں سن304 میں آپ کے گلے میں تلوار گھونپ کر آپ کو شہید کر دیا گیا۔

Daily Program

Livesteam thumbnail