مقدسہ جوائنہ فرانسسکا دی شنتال(مضبوط اور دلیر راہبہ)

مقدسہ جوائنہ فرانسسکا دی شنتال 22 جنوری 1572 میں فرانس کے ایک مقام ڈیجون میں پیدا ہوئیں۔ آپ ابھی 18 ماہ کی تھیں کہ آپ کی والدہ انتقال کر گئیں۔ اب آپ کی پرورش اور تعلیم و تربیت کی ساری ذمہ داری آپ کے والد پر آن پڑی جو ایک سرکاری اعلیٰ عہدے پر فائز تھے۔ 21 سال کی عمر میں آپ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی۔ خدا نے آپ کو چھ بچے عطا کیے۔ جن میں سے تین چھوٹی ہی عمر میں وفات پا گئے۔ آپ خیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ آپ نے اپنے ہر روزمرہ عبادت کا سلسلہ بحال کیا۔ ایک بار جب آپ کے شوہر شکار کے لیے گئے تو وہ خود ایک حادثے کا شکار ہو گئے اور انہوں نے آپ کے ہاتھوں میں ہی دم توڑا۔اپنے شوہر کی وفات کے بعد آپ تقریبا چار ماہ انتہائی ذہنی پریشانی میں مبتلا رہیں اور اپنے والد کے گھر لوٹ گئیں۔ 32 برس کی عمر میں آپ کی ملاقات مقدس فرانسس دی سیلز سے ہوئی اور انہوں نے آپ کی روحانی رہنمائی کرنا شروع کی۔ آپ فوراًراہبہ بننا چاہتی تھی لیکن مقدس فرانسس نے آپ کو مناسب وقت تک انتظار کرنے کے لیے کہا۔ آپ نے باضابطہ وعدہ کیا کہ اب دوسری شادی نہیں کریں گی اور ہر لحاظ سے اپنی روحانی رہنما کی بات مانیں گی۔تین برس کے بعد مقدس فرانسس نے آپ کو ایک جماعت کھولنے کیلئے کہاجس میں خاص طور پر اْن خواتین کو جو اپنی عمر، صحت یا کسی اور سبب سے کسی اور راہب خانے میں نہیں جا سکتی تھی اْن کو رکھا جائے۔اس جماعت میں رہ کر وہ اپنے ہاتھوں سے کام کر کے زندگی چلا سکتی تھی اور ساتھ ہی ساتھ دْعا، ریاضت اور خدمت کے کام کو جاری رکھ سکتی تھی۔ نمونے کے طور پر مقدسہ مریم کی الیصابات کے ساتھ ملاقات کو سامنے رکھا گیا اور اسی نام (congregation of the Visitation) سے یہ جماعت مشہور ہوئی۔ آپ کو بہت جسمانی اور روحانی دْکھ سہنے پڑے۔ مقدس فرانسس دی سیلز وفات پا گئے، آپ کا ایک بیٹا قتل کر دیا گیا، فرانس میں وباء پھوٹ پڑی جس سے آپ کی ایک بہو اور ایک داماد بھی ہلاک ہو گئے اور آپ تنگدستی کا شکار ہو گئیں۔ غریبوں اور بیماروں کی مدد کرنے کے لیے آپ نے اپنا سب کچھ بیچ دیا حتیٰ کہ اپنے راہب خانے بھی غریبوں کے لیے کھول دیے۔ روحانی طور پر بھی آپ کو اندھیرے،تاریکی اور بحران کا شکار ہونا پڑا۔ آپ کی زندگی میں ہی آپ کی جماعت کے 69 راہب خانے تعمیر ہوئے۔آپ نے اپنی باقی ماندہ زندگی انہی کی دیکھ بھال، راہبات کی روحانی رہنمائی اور ضرورت مندوں کی خدمت کر نے میں بسر کی۔ آپ نے اپنے مقرر کردہ ہداف کے حصول کے لیے مقدس فرانسس دی سیلز کی تصانیف کو بھی شائع کروایا۔بعد ازاں آپ ایک طویل علالت کے بعد 1641 میں خداوند میں ابدی نیند سو گئی۔

Daily Program

Livesteam thumbnail