کلیسیا کو آج کی ”مریم مجدلی“ کو اْمید کی گواہ کے طور پر پہچاننا ہوگا۔کارڈینل تاگلے

کارڈینل تاگلے
کارڈینل تاگلے

ہمارے پیرشز اور ڈایوسیز میں آج بھی بہت سی مریم مجدلی ہیں۔ ضروری ہے کہ ہم انہیں پہچانیں۔اِسی پُراثر پیغام کے ساتھ کارڈینل لوئس انتونیو جی۔ تاگلے نے فیڈریشن آف ایشین بشپس کانفرنسز (FABC) کی 12ویں جنرل اسمبلی کے شرکاء کے لیے منعقدہ ایک روزہ ریٹریٹ کا اختتام کیا۔ انہوں نے ایشیا بھر کے کلیسیائی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اْن افراد کو پہچانیں جنہیں خدا نے اْمید کے گواہ بننے کے لیے چنا ہے، خواہ دنیا انہیں نظرانداز ہی کیوں نہ کرے۔کارڈینل تاگلے نے 22 جولائی کو جکارتہ کے ہوٹل مولیا کے جربیرا روم میں یوخرستی عبادت کی قیادت  کی۔ یہ دن مقدسہ مریم مجدلی کی عید بھی تھا اور اِسی عبادت کے ساتھ ْدعا، خاموشی، غوروفکر اور روحانی امتیاز پر مشتمل ایک روزہ ریٹریٹ اپنے اختتام کو پہنچی۔
عبادت کے آغاز میں کارڈینل تاگلے نے پوپ لیو چہاردہم کی جانب سے ایشیا بھر سے آئے ہوئے کارڈینلز، بشپ صاحبان اور شرکاء کے لیے سلام اور برکت کا پیغام بھی پہنچایا۔اپنے وعظ میں مقدسہ مریم مجدلی پر روشنی ڈالتے ہوئے، جنہیں کلیسیا ”رسولوں کی رسول“ کا لقب دیتی ہے، کارڈینل تاگلے نے کہا کہ ْان کی زندگی اس حقیقت کی گواہی دیتی ہے کہ خدا وہاں عظمت دیکھتا ہے جہاں معاشرہ اکثر صرف کمزوری یا ناکامی دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم مجدلی کی زندگی نہایت خوبصورت تھی۔ انہوں نے بہت دکھ اٹھائے، لیکن مسیح یسوع نے اْسے دیکھا، نام لے کر پکارا، پہچانا، اور اپنی محبت سے اْس کی زندگی بدل دی۔
کارڈینل تاگلے نے یاد دلایا کہ مریم مجدلی جن سے کبھی سات بدروحیں نکالی گئی تھیں، بعد میں مسیح یسوع کی قریبی شاگردوں میں شامل ہوئیں اور اس وقت بھی صلیب کے نیچے ثابت قدم رہیں جب بہت سے دوسرے لوگ وہاں سے بھاگ گئے تھے۔انہوں نے کہاکہ وہ خواتین وہاں اِس طرح کھڑی تھیں جیسے پوری دنیا سے کہہ رہی ہوں کہ ہم انہیں جانتی ہیں، ہم اِن کا انکار نہیں کریں گی، اور ہمارا عہد کبھی متزلزل نہیں ہوگا۔کارڈینل تاگلے نے خالی قبر پر مریم مجدلی کی مسیح سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ابتدا میں وہ غم کی وجہ سے مسیح کو پہچان نہ سکی، لیکن جب یسوع نے اْسے نام لے کر پکارا تو سب کچھ بدل گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک نہایت سادہ سے عمل نے اْسے سب سے عظیم واقعہ دیکھنے کے قابل بنا دیا۔ اْس نے اپنے چرواہے کی آواز سنی اور اْسے پہچان لیا جو اْسے پہلے ہی سے جانتا تھا۔کارڈینل تاگلے کے مطابق یہ ملاقات ظاہر کرتی ہے کہ ایمان انسان کی اپنی کامیابی سے نہیں بلکہ خدا کی پہل سے شروع ہوتا ہے۔ مریم  مجدلی خداوند کو اِس لیے پہچان سکی کیونکہ وہ پہلے ہی اس کی محبت کا تجربہ کر چکی تھی اور اس کی آواز کو پہچاننا سیکھ چکی تھی۔یہ ملاقات فوراً ایک مشن میں تبدیل ہوگئی۔ مسیح یسوع نے مریم مجدلی کو اپنے جی اْٹھنے کی خوشخبری رسولوں تک پہنچانے کی ذمہ داری سونپی، یوں وہ مسیحیت کے مرکزی پیغام کی پہلی گواہ بن گئی۔

کارڈینل تاگلے
کارڈینل تاگلے

کارڈینل تاگلے نے کہا کہ وہ دوسرے شاگردوں تک پہنچنے والا ایک پْل بن گئی۔ اس کا پیغام بہت سادہ تھا”میں نے خداوند کو دیکھا ہے“۔یہ اْس کے ذاتی تجربہ کی گواہی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ مسیح یسوع نے جان بوجھ کر اپنے جی اٹھنے کی خوشخبری ایسے شخص کے سپرد کی جسے اُس زمانے کے معیار کے مطابق شاید قابلِ اعتبار گواہ نہ سمجھا جاتا۔انہوں نے کہا کہ خداوند نے اس بات کو یقینی بنایا کہ دنیا کی سب سے عظیم خوشخبری کے گواہ وہ لوگ بنیں جنہیں دنیا آسانی سے قبول نہیں کرتی۔ دنیا اہمیت کا اندازہ اس طرح نہیں لگاتی، لیکن خدا کی نظر مختلف ہوتی ہے۔ریٹریٹ کے مرکزی موضوع ”مشن اور رفاقت کے لیے پْل اور پْل بنانے والے بننا“ کی طرف دوبارہ اشارہ کرتے ہوئے کارڈینل تاگلے نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنی مقامی کلیسیاؤں میں بھی ایسے گواہوں کو پہچانیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پیرشز اور ڈایوسیز میں آج بھی بہت سی مریم مگدلینی ہیں۔ ضروری ہے کہ ہم اْنہیں پہچانیں۔ خداوند انہیں ہماری طرف بھیج رہا ہے تاکہ وہ ہمیں سب سے بڑی سچائی اور اْمید کی تکمیل یاد دلائیں کہ مسیح یسوع حقیقی طور پر جی اْٹھاہے۔
یوخرستی عبادت کے ساتھ ایف اے بی سی کی  12ویں جنرل اسمبلی کے شرکاء کے لیے منعقدہ ایک روزہ  ریٹریٹ اختتام پذیر ہوئی۔