کارڈینل تاگلے اور ڈیوڈ کا ایشیا کے نام پیغا م۔۔۔مستقبل کو یاد رکھواورانسانی یسوع کو دوبارہ دریافت کرو۔

مورخہ29 نومبر کو دی لائٹ ہوٹل پینانگ، ملائیشیا میں جاری”اْمید کی عظیم زیارت“ کے تیسرے دن، ایشیا کے دو اہم کلیسیائی رہنماؤں کارڈینل لوئیس انتونیو تاگلے اور کارڈینل امبوڈیوڈنے 2033 کی عظیم جوبلی کی تیاری کے سلسلے میں ایشیا کے لیے اْمید، ایمان اور روحانی بیداری کا گہرا پیغام پیش کیا۔
مستقبل کو یاد رکھو۔۔ کارڈینل تاگلے کا پیغامِ اْمید
2033 کی عظیم جوبلی کے تناظر میں ایشیا کے لیے پیغام کے سوال پر کارڈینل تاگلے نے اپنی گفتگو کا آغاز پاک ماس میں دوہرائے جانے والے”ایمان کے بھید“ سے کیا:”اے خداوند ہم تیری موت کا اعلان کرتے ہیں۔ہم تیری قیامت کا اقرار کرتے ہیں جب تک کہ تْو نہ آئے۔“ انہوں نے کہا کہ یہ الفاظ صرف عبادت تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ مومنوں کی زندگی کی کہانیوں میں ڈھلنے چاہئیں۔
انہوں نے زور دیا کہ جوبلی ماضی کا جشن ضرور ہے مگر وہ خدا کی موجودہ اور آنے والی نجات کا تجربہ بھی ہے۔وہ جی اْٹھا ہے، اس لیے مستقبل یقینی ہے۔اگر انسان مستقبل کو بھول جائے تو اس کا حال بھی بکھر جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل کو یاد رکھنا ہی اْمید ہے۔ یسوع کا جی اْٹھنا کوئی فرضی بات نہیں، وہ ہمارا مستقبل ہے۔ اور اگر ہم اپنا مستقبل بھول جائیں تو آج کا سفر کیسے طے کریں گے؟
کارڈینل ڈیوڈ:ایشیا کو یسوع کی بشریت کو اپنی کہانیوں کے ذریعے دنیا کے سامنے لانا ہوگا۔
کارڈینل امبو ڈیوڈ، جو بائیبل کے عالم بھی ہیں، انہوں نے گفتگو کو انسانی اور ثقافتی پہلو سے آگے بڑھایا۔ انہوں نے بتایا کہ بطور نوجوان سیمنارین، ایک لاطینی امریکی کتاب  A Certain Jesusنے انہیں بے حد متاثر کیا،جو یسوع کی زندگی کو لوگوں کی روزمرہ کہانیوں سے جوڑ کر بیان کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم اعترافِ ایمان میں یسوع کو کبھی کبھار اتنا اوپر بٹھا دیتے ہیں کہ وہ ہم سے دور لگنے لگتا ہے، حالانکہ وہ ہمارے درمیان رہنے آیا تھا۔کارڈینل امبو کے مطابق ایشیا کی سب سے بڑی طاقت اس کی کہانی سنانے کی روایت، علامتیں، انسانی تعلقات اور روحانی تجربات ہیں۔یسوع کی بشریت ہی اْس کی اْلوہیت تک لے جاتی ہے۔ ایشیا کو یسوع کے وہ قصے سنانے ہیں جن میں وہ چھونے والا، قریب، انسانی دکھوں اور خوشیوں میں شریک دکھائی دے۔
 2033 کی طرف ایمان کی آنکھوں سے سفر
کارڈینل تاگلے اور کارڈینل امبو کے پیغامات مل کر ایشیا کے لیے ایک متحد دعوت بنتے ہیں:
مستقبل کو یاد رکھو—کیونکہ مسیح کا جی اْٹھنا اْمید کی ضمانت ہے۔
 یسوع کی بشریت کو دوبارہ دریافت کرو—اور اسے اپنی روزمرہ کہانیوں سے ظاہر کرو۔
 اپنی زندگی کو ایسی گواہی بناؤ جو دنیا کے سامنے مسیح کی محبت اور اْمید کو زندہ کرے۔
”عظیم زیارتِ اْمید“ کے دوران یہ تصورات اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ جوبلی محض ایک تاریخی تاریخ نہیں، بلکہ ایک جاری روحانی سفر ہے جو آج سے نئے عزم کے ساتھ شروع ہوتا ہے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail