پینانگ میں ایشیائی کلیسیا کا اہم موڑ۔۔۔ عظیم زیارتِ اُمید 2025

مورخہ 27 تا 30 نومبر 2025 کو پینانگ، ملائیشیامیں ہونے والی ”اْمید کی عظیم زیارت“ ایشیا کی کلیسیا کو ایک مشترکہ ایمان کے سفر پر مدعو کرے گی، جس کا مرکزی موضوع ہے:
”ایشیا کی کلیسیاکے ساتھ مل کر سفر کرنا“۔
ایک نہایت اہم موڑ پر، ایشیا کے سیکڑوں بشپ صاحبان، کاہنانہ برادری، راہبات، مذہبی رہنما پینانگ میں جمع ہوں گے تاکہ بدلتی ہوئی سماجی اور روحانی صورتِ حال میں انجیل کی گواہی کو نئے زاویوں سے سمجھا، جیا اور منایا جا سکے۔
ایشیا کی کلیسیا کے ساتھ مل کر سفر کرنا
فیڈریشن آف ایشین بشپس کانفرنس کے زیرِ اہتمام اور ڈایوسیز آف پینانگ کی میزبانی میں منعقد ہونے والا یہ عظیم اجتماع ایشیا کی کلیسیا، ثقافتوں اور زبانوں کے تنوع کو ایک ہی جگہ یکجا کرے گا۔ انجیلِ مقدس پر عمل کرنا کوئی منصوبہ نہیں بلکہ ایک سفر ہے۔ایک روحانی زیارت، جو تنوع کو قبول کرتے ہوئے سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھتی ہے۔ پینانگ کلیسیا کو دعوت دیتا ہے کہ وہ یسوع کی کہانی کو نئے انداز میں زندہ کرے، اس دنیا میں جو پہلے سے زیادہ منتشر بھی ہے، جڑی ہوئی بھی ہے، اور پیچیدہ بھی۔
کلیدی مقررین میں فوقیت مآب کارڈینل لوئس انتونیوتاگلے، فوقیت مآب کارڈینل پابلوڈیوڈ،فضیلت مآب آرچ بشپ سائمن پوہ، مار رافائل تھٹّل، فضیلت مآب آرچ بشپ کرسٹوفر، کولن کالمیانو اور دیگر معروف شخصیات شامل ہیں، جو نئے تقاضوں، مصالحت اور شاگردی کے حوالے سے گہرے خیالات پیش کریں گے۔
اس اجتماع کا موضوع انجیل میں مجوسیوں کے اُس سفر سے الہام لیتا ہے، جو مسیح سے ملاقات کے بعد”دوسرے راستے سے واپس لوٹے“(متی 2:12)۔ یہ اُس کلیسیا کی علامت ہے جو دو ہزار سال بعد بھی نئے راستوں کی تلاش کا حوصلہ رکھتی ہے۔ایسی کلیسیا جو اکیلی نہیں بلکہ ایشیا کی کلیسیا، ثقافتوں اور مذاہب کے ساتھ سفر کرتی ہے۔
آج کے ایشیا میں اہمیت
آج کا ایشیا ایک فیصلہ کن مقام پر کھڑا ہے۔ یہاں دنیا کی سب سے بڑی نوجوان آبادی ہے۔سب تیزی سے بڑھتے ہوئے شہر ہیں، مگر اسی کے ساتھ بڑھتی ہوئی عدم مساوات، ماحولیات کے بحران اور مذہبی تقسیم بھی موجود ہے۔پورے خطے میں کیتھولک اقلیت میں ہیں اور اکثر اپنی گواہی خاموش خدمت، شفقت اور امن سازی کے ذریعے دیتے ہیں۔ایسے حالات میں ”اْمید کی عظیم زیارت“کسی خیالاتی کانفرنس کے طور پر نہیں بلکہ ایک تحریکِ تجدید کے طور پر سامنے آتا ہے۔ایسی تحریک جو پوپ فرانسس کی سنہری سوچ کو بازگشت دیتی ہے:
ایک سننے والی، سمجھنے والی اور ساتھ چلنے والی کلیسیا۔
یہ FABC کی ”تین جہتی مکالمہ“کی یاد دلاتا ہے:
 غریبوں کے ساتھ مکالمہ
 ثقافتوں کے ساتھ مکالمہ
 مذاہب کے ساتھ مکالمہ
جب ایشیائی معاشرے ٹیکنالوجی، ہجرت اور اخلاقی بے یقینی کا سامنا کر رہے ہیں، کلیسیا کا کام یہ ہے کہ وہ ایک معتبر ساتھی بنے۔ایسی کلیسیا جو نصیحت سے پہلے سنے، تعلیم سے پہلے خدمت کرے، اور سب کے ساتھ فروتنی سے چلے۔
ایشیائی کلیسیا کے لیے پینانگ کا لمحہ
پینانگ، جو اپنے ہم آہنگ مذاہب اور ثقافتی ہم بستگی کے لیے مشہور ہے، ایک علامتی مقام ہے۔ یہاں کثرت میں وحدت کی جیتی جاگتی مثالیں چرچ، مندر اور مسجدیں ساتھ ساتھ کھڑی ہیں۔
اسی ماحول میں ”اْمید کی عظیم زیارت“صرف ایک اجتماع نہیں بلکہ ایک آئینہ بھی ہے اور ایک راہنما نقشہ بھی ایک موقع کہ ایشیا کی کلیسیا رْکے، سوچے، دْعا کرے اور مستقبل کے سفر کی سمت طے کرے۔جبکہ کلیسیا سالِ جوبلی 2033 کی طرف بڑھ رہی ہے۔وہ سال جو مسیح کے قیامت پانے کے دو ہزار سال مکمل ہونے کی یادگار بنے گا۔یہ اجتماع سب کو اْمید کی راہ پر چلنے، کلیسیا کے چہرے کو تجدید دینے اور انجیل کی خوشی کو ایشیا کی زبانوں، موسیقی اور کہانیوں میں دوبارہ دریافت کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ایک ایسے خطے کے لیے جس میں دولت و فاقہ، ایمان و تردید، اْمید و آزمائش،سب کچھ ساتھ ساتھ موجود ہیں۔یہ زیارت شاید ایک نئے موڑ کی نوید ہو:
یاد دہانی کہ ایشیا کے دل میں انجیل کبھی فتح کے ذریعے نہیں بلکہ شفقت کے ذریعے آگے بڑھتی ہے؛ پیچھے لوٹنے سے نہیں بلکہ ایک نئے راستے پر قدم رکھنے سے۔
 

Daily Program

Livesteam thumbnail