پوپ فرانسس کے دورے کی یاد میں انڈونیشیا کا خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری
مورخہ 2ستمبر2024کو جکارتہ کیتھیڈرل میں، جکارتہ کے آرچ بشپ، کارڈینل اگنشیس سہاریونے پوپ فرانسس کے انڈونیشیا کے اپوسٹولک دورہ کے تاریخی موقع پر،انڈونیشین بشپس کانفرنس اور پی۔ٹی پوس(PT Pos)انڈونیشیا کے تعاون سے پوپ فرانسس کا انڈونیشیا کے دورہ پر بنائی گئی ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ کی نقاب کشائی کی نیز انڈونیشیا میں کیتھولک چرچ کے لیے اس ڈاک ٹکٹ کی اہمیت پر بھی بات کی۔
کارڈینل سہاریو نے کہا کہ یہ خصوصی ڈاک ٹکٹ انڈونیشیا کیلئے ایک اعزاز ہے۔اسے پورے ملک میں وسیع پیمانے پر تقسیم کیا جائے گا اورہم امید کرتے ہیں کہ نہ صرف ڈاک ٹکٹ خود پھیلے گا،بلکہ انڈونیشیا میں کیتھولک چرچ کی حمایت میں حکومت کے کردار کو ظاہر کرنے، پوپ فرانسس کی موجودگی کا جشن منانے اور ہماری تاریخ میں پوپ کے تیسرے دورے کے پیغام کااظہار بھی ہے۔
انہوں نے مزید اس اْمید کا اظہار کیا کہ پوپ فرانسس کا دورہ مومنین میں ایمانی مضبوطی کا باعث ہو گا۔ اس دورے کے ذریعے ہمیں ایک ساتھ مل کر ایک کلیسیا کے طور پر آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔بھائی چارے کو فروغ ملے گاجو الفاظ سے بالاتر ہو کر ٹھوس اقدامات سے ظاہر ہو گا۔
آخر میں انہوں نے مومنین کے بڑے پیمانے پر تعاون کیلئے اظہارِ تشکر کیا اور تقریب کی کامیابی کے لیے دْعاؤں کی درخواست کی۔
یاد رہے پوپ فرانسس انڈونیشیا دورہ کرنے والے تیسرے پوپ ہیں۔ یقینایہ دورہ بین المذاہب مکالمے کی اہمیت،مختلف ثقافتوں اور مذاہب میں امن اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے پوپ کے عزم کی وضاحت کرتا ہے۔