پاپائے اعظم لیو چہاردہم کا مقدس فرانسس آف اسیسی کی وفات کے 800سال مکمل ہونے پر خصوصی جوبلی سال کا اعلان
پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے مقدس فرانسس آف اسیسی کی وفات کے 800 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک خصوصی جوبلی سال کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے جس میں مقدس فرانسس آف اسیسی کے اعزاز میں ایک سالہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ یہ جوبلی سال 10 جنوری 2026 سے 10 جنوری 2027 تک منایا جائے گا۔جس میں ہر مسیحی ”مقدس فرانسس آف اسیسی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے، خود تقدسِ حیات کا نمونہ اور امن کا مستقل گواہ ہو گا۔
اس فرمان کے اعلان کے موقع پر فرانسیسکن فرایئرز نے دنیا بھر کے کیتھولک مؤمنین کو جوبلی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی اور اْمید ظاہر کی کہ مقدس فرانسس کی زندگی شرکاء کو اپنے پڑوسی کے ساتھ حقیقی مسیحی محبت اور اقوام کے درمیان ہم آہنگی اور امن کی سچی آرزو کی ترغیب دے گی۔
فرانسیسکن خاندان کی کانفرنس کے سردارِ اعلیٰ کے نام ایک خط میں پوپ لیو نے لکھا کہ آج کے دور میں مقدس فرانسس کاپیغامِ امن پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس زمانے میں، جو بظاہر نہ ختم ہونے والی جنگوں، اندرونی اور سماجی تقسیم، بے اعتمادی اور خوف سے بھرا ہوا ہے،مقدس فرانسس آج بھی ہم سے ہمکلام ہے۔ اس لیے نہیں کہ وہ کوئی حل پیش کرتا ہے، بلکہ اس لیے کہ اس کی زندگی امن کے اصل سرچشمہ یعنی مسیح یسوع کی طرف اشارہ کرتی ہے۔پوپ لیو نے کہا حقیقی امن صرف انسانوں کے درمیان نہیں بلکہ خدا، انسان اور پوری کائنات کے درمیان ہم آہنگی سے جنم لیتا ہے۔
جوبلی سال کی نمایاں ترین تقریب سینٹ فرانسس کے جسدِ مبارک کی عوامی نمائش ہوگی، جو 22 فروری سے 26 مارچ 2026 تک اسیسی میں واقع باسیلیکا آف سینٹ فرانسس میں کی جائے گی۔
پوپ لیو نے اپنے خط کا اختتام مقدس فرانسس سے دْعا کے ساتھ کیا اور اْن سے شفاعت طلب کی کہ ہمیں وہاں پل بنانے کی ہمت عطا ہو جہاں دنیا دیواریں کھڑی کرتی ہے۔
اسیسی کے آرچ بشپ ڈومینیکو سورینٹینو، جو اس تقریب میں موجود تھے، نے کہا کہ ان صد سالہ تقریبات کا آغاز دل سے پھوٹنے والی حقیقی خوشی کی علامت ہے جوہم سب کے اس عزم اظہار ہے کہ ہم مقدس فرانسس کو اس کی تمام جہتوں کے ساتھ دوبارہ دریافت کریں اور یسوع مسیح کو پہچانیں، جو خوشی اور امن کا واحد سرچشمہ ہے۔
ریڈیو ویریتاس ایشیا کے ڈائریکٹر،ریورنڈ فادر قیصر فیروز او۔ایف۔ایم کیپ نے مقدس فرانسس آف اسیسی کی جوبلی کے سال کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقدس فرانسس آف اسیسی کی جوبلی کا یہ سال پاکستان میں بین المذاہب مکالمہ کی تجدید کا باعث بنے گا۔مقدس فرانسس آف اسیسی جس نے مصر کے سلطان الملک الکامل کے ساتھ دوستی اور صلح کا ہاتھ بڑھا کرجنگ بندی کی دعوت دی۔یوں دونوں نے ملکر امن اورسماجی ہم آہنگی کوبحال کیا اورساری دنیا کے لیے مثال قائم کر دی کہ مکالمہ کے ذریعے امن ممکن ہے۔