مسیح یسوع پوری انسانیت کے لیے شہزادہِ امن ہے ۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد

مورخہ 17دسمبر2025کو آرچ ڈایوسیس راولپنڈی ۔اسلام آباد میں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی سرپرستی میں کرسمس کے پُرمسرت موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس کے انتظامات ریورنڈ فادر اعظم صدیق، ڈائریکٹر (CCIDE)، نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کیا۔اس تقریب میں مسلم، ہندو، سکھ اور مسیحی مذاہب سے تعلق رکھنے والے ممتاز مذہبی و سماجی رہنما�¶ں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف اداروں کے عہدیداران نے شرکت کی۔جن میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا، علامہ زاہد حسین کاظمی، پیر عصمت، مولانا حافظ اقبال رضوی، سہیل بن عزیز اور پروفیسر فاروق عبداللہ شامل تھے۔
تقریب کا آغاز ریورنڈ فادر کامران ڈینیئل کی دْعا سے ہوا، جس کے بعد مولانا حافظ اقبال رضوی نے قرآنِ مجید کی تلاوت کی، جس سے بین المذاہب احترام اور ہم آہنگی کی فضا قائم ہوئی۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کرسمس محبت، مفاہمت، امن اور امید کا پیغام دیتا ہے جو انسانیت کو ایک دوسرے کے قریب لانے، نفرت کو مسترد کرنے اور بھائی چارے و ہم آہنگی کو فروغ دینے کی دعوت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسیح یسوع پوری انسانیت کے لیے امن کا شہزادہ بن کر آیا  اور ان کی تعلیمات کسی ایک مذہب یا قوم تک محدود نہیں بلکہ تمام بنی نوع انسان کے لیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کیتھولک چرچ 2025 کو’’ جوبلی سال’’کے طور پر منا رہا ہے، جس کا موضوع ہے’’ اْمید کے زائرین‘‘ہے۔انہوں نے عالمی سطح پر درپیش چیلنجزیعنی  جنگیں، تنازعات، سیاسی عدم استحکام، تشدد اور ماحولیاتی تبدیلی کے تناظر میں اْمید، انصاف اور امن کے فروغ کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
سردار رمیش سنگھ اروڑا اور دیگر مقررین نے مسیحی برادری کو دلی کرسمس مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسے بین المذاہب اجتماعات ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب کے پیروکاروں کی ایک پلیٹ فارم پر موجودگی پاکستان کی مضبوط روایتِ مذہبی رواداری اور قومی یکجہتی کی عکاس ہے۔
تقریب کے اختتام پر کرسمس کیک کاٹا گیا اور پاکستان کے امن، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ 
اپنے خطاب میں آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا کہ کرسمس محبت، صلح، سلامتی اور امن کا عالمی پیغام لے کر آتا ہے۔ یہ وہ مبارک موقع ہے جب خداوند یسوع مسیح کی پیدائش کے ذریعے خدا تعالیٰ کی الٰہی محبت انسانیت پر ظاہر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ چاہے ہمارا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو، ہم سب کو محبت، معافی اور انسانی خدمت کے جذبے کے ساتھ ایک دوسرے کے قریب آنا ہے۔
آرچ بشپ نے کہا کہ کلامِ مقدس میں لکھا ہے کہ‘‘کلمہ متجسد ہوا اور ہمارے درمیان رہا’’، جو اس بات کی علامت ہے کہ خدا کی محبت عملی صورت میں انسانوں کے درمیان ظاہر ہوئی۔ یہی محبت ہمیں ایک پرامن، انصاف پسند اور نفرت سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کی دعوت دیتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کیتھولک کلیسیا میں سال 2025 کو جوبلی سال کے طور پر منایا جا رہا ہے، جس کا موضوع‘‘امید کے زائرین’’ہے۔ اس تناظر میں ہمیں دنیا بھر میں امید، انصاف اور امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ آج کی دنیا جنگوں، تنازعات، سیاسی بے چینی، تشدد اور موسمی تبدیلی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہی ہے۔ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک اور ہمارے اپنے معاشرے میں خوراک، پانی، صحت اور محفوظ رہائش جیسی بنیادی ضروریات ہر انسان کو میسر نہیں، جس کے باعث بے یقینی اور مایوسی جنم لے رہی ہے۔ ایسے حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم امید کی طاقت کو مضبوط کریں اور اپنے معاشرے میں امن اور بھائی چارے کے معمار بنیں۔انہوں نے حکومتِ پاکستان، افواجِ پاکستان، سماجی اداروں اور نیک دل شہریوں پر زور دیا کہ وہ مل کر انسانی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کریں۔ اس موقع پر انہوں نے دنیا بھر میں جنگوں اور تنازعات کے نتیجے میں جانیں گنوانے والوں، بیماری، غربت اور بھوک کا شکار افراد، بے گھر اور محروم طبقات کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔آرچ بشپ نے کہا کہ کرسمس ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم تشدد اور مایوسی کے بجائے امید، صلح، سلامتی اور محبت کو فروغ دیں۔ انہوں نے پوپ کے عالمی امن کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تشدد کے خاتمے اور انصاف و محبت کے ذریعے پائیدار امن کی تعمیر ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
تقریب میں شریک مسلم، ہندو، سکھ اور مسیحی رہنما�¶ں نے بھی خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں مذہبی رواداری، باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔ مقررین نے کہا کہ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان امن، بھائی چارے اور مشترکہ اقدار کا علمبردار ہے۔
آخر میں آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے ملکِ پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی اور کہا کہ آئیں ہم سب مل کر اپنے وطن میں انسانی عظمت، انسانی بھلائی، اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا عہد کریں۔
انہوں نے تمام شہریوں کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خدا تعالیٰ سب کو اپنی بے شمار برکتوں سے نوازے

Daily Program

Livesteam thumbnail