خدا دنیا کو امن کامعجزہ عطا کرے۔ پوپ لیو چہاردہم
مورخہ 11مئی2025کو پوپ لیو چہاردہم نے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں مومنین سے خطاب کرتے ہوئے دنیا کی بڑی طاقتوں سے مزید جنگ نہ کرنے کی اپیل کی نیز پاکستان اورہندوستان کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا۔پوپ لیو نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ جنگ بندی پر خوشی کا اظہار کیا اورکہا کہ وہ خدا سے دعا کر رہے ہیں کہ وہ دنیا کو ”امن کا معجزہ“ عطا کرے۔ پوپ لیو نے حال ہی میں وفات پانے والے پوپ فرانسس کے دیرینہ مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا ”مزید جنگ نہیں!“۔
انھوں نے اس دوران دوسری عالمی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے جنگ کی تباہیوں کی نشاندہی کی، جس میں تقریباً 60 ملین افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پوپ لیو نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کی حالیہ جنگ بندی کے بارے میں سن کر خوش ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مذاکرات ہمسایہ ممالک کو دیرپا سمجھوتے کی طرف لے جائیں گے۔ پوپ لیو نے مزید کہا کہ وہ اپنے دل میں یوکرین کے لوگوں کا دکھ رکھتے ہیں۔ انھوں نے یوکرین میں حقیقی، منصفانہ اور دیر پا امن کے لیے مذاکرات کی درخواست بھی کی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ انھیں غزہ کی جنگ کا بھی شدید غم ہے اور فوری جنگ بندی، انسانی امداد اور حماس کے زیر حراست باقی ماندہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
Daily Program
