بھائی پھیرو، نارووال،وزیرآباد اور پسرورمیں سیلاب زدگان میں کاریتاس پاکستان کی جانب سے وِنٹر کِٹس کی تقسیم
گزشتہ دنوں بھائی پھیرو،نارووال،وزیرآباداورپسرور پیرش میں کاریتاس پاکستان کی جانب سے،فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس کی رہنمائی میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ونٹر کِٹس دی گئیں۔ریورنڈ فادر آصف سردار(وکرِ جنرل آرچ ڈایوسیس آف لاہور) نے بذات خود موجود ہو کر اپنے دستِ مبارک سے سیلاب زدگان میں کمبل اور رضائیاں تقسیم کیں۔
ریورنڈ فادر آصف سردار(وکرِ جنرل آرچ ڈایوسیس آف لاہور) نے کہا کہ مشکل گھڑی میں مصیبت زدہ بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہونا ہماری انسانی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اْمید ظاہر کی کہ یہ معاونت متاثرہ خاندانوں کے دْکھ درد میں کچھ کمی لائے گی۔فادر آصف سردار نے اس موقع پر بتایا کہ کاریتاس پاکستان ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ دور دراز علاقوں تک بھی امداد پہنچائی جائے، تاکہ کوئی متاثرہ گھرانہ محروم نہ رہ جائے۔
متاثرہ علاقوں کے مومنین نے کاریتاس پاکستان اور چرچ کے نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں ان کی مدد انہیں نئی ہمت اور حوصلہ دے رہی ہے