ہم کسی سے کم نہیں !

دنیا میں انہی قوموں نے تیزی سے ترقی کی منازل طے کی ہیں جن کے نوجوان جدید علوم سے آراستہ ہوتے ہیں۔ٹیکنیکل ایجوکیشن کسی بھی معاشرے کے تعلیمی اور معاشی استحکام کی ضامن ہوتی ہے۔پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم سے جڑا ہے اور نوجوان نسل کو فنی علوم سے آراستہ کرکے نہ صرف بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر بھی گامزن کیا جاسکتا ہے۔آج  جب کی ہم خواتین کا عالمی دن منا رہے ہیں تو کچھ ایسی شخصیات کے بارے میں جانتے ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں سے اپنی قابلیت کا لوہا منواتے ہوئے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی سے کم نہیں ہیں۔
ثمینہ بیگ
دنیا کی تمام بلند ترین چوٹیوں کی فاتح پاکستانی کوہ پیما ثمینہ بیگ بہت سے اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں۔ یہ اب تک کی واحد پاکستانی خاتون ہیں جنہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو سمیت ساتوں براعظموں کی تمام سات بلند ترین چوٹیاں سر کر رکھی ہیں۔ گزشتہ سال انہوں نے کے ٹو سر کر کے ایک اور نیا ریکارڈ قائم کیا۔ ان کو دو مرتبہ اقوام متحدہ کی جانب سے خیرسگالی کا سفیر مقرر کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ 32 سالہ ثمینہ بیگ کا تعلق گلگت  بلتستان میں واقع ضلع ہنزہ کے علاقے شمشال سے ہے جہاں کے کئی لوگوں کا پیشہ کوہ پیمائی ہے۔
شفیقہ اقبال
دنیا بھر میں پاکستانی طلبا کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں اپنی منفرد پہچان بنا رہے ہیں۔ اس کی بہترین مثال پنجاب کے شہر صادق آباد سے تعلق رکھنے والی شخصیت شفیقہ اقبال کی ہے جو دنیا کی معروف کمپنی ”گوگل“میں کام کر رہی ہیں۔چوبیس سالہشفیقہ اقبال ڈیٹا انجینئر ہیں۔ جنہوں نے واٹس اپ گوگل پولینڈ کے دفتر میں ملازمت کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ شفیقہ اقبال کو لنکڈن کے ذریعے گوگل نے منتخب کیا۔ وہ گوگل میں ملازمت کرنے سے قبل خواتین کی جانب سے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے upworkمیں ٹاپ ریٹیڈ سیلر کے طور پر بھی کام کرتی رہی ہیں۔
شائی گِل
موسیقی کی دنیا میں بہت سے نوجوانوں نے ملک کا نام عالمی سطح پر بلند کیا۔ ان میں شائی گِل بھی شامل ہیں۔ کوک اسٹوڈیو سیزن 4 1کے تحت ریلیز ہونے والے گانے ”پسوڑی“ کے لیے قسمت کی دیوی جہاں علی سیٹھی پر مہربان رہی وہیں شائی گِل 
بھی شہرت کی بلندیوں پر پہنچی۔ انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز 2019 میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام سے کیا تھا۔
کوک اسٹوڈیو سیزن 4 1کے تحت ریلیز ہونے والے اس گانے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس گانے کو اب تک یوٹیوب پر 40 کروڑ 60 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا اور سنا جا چکا ہے۔یہ گانا ریلیز ہونے سے پہلے 24گھنٹوں میں 10 لاکھ بار دیکھا جانے والا کوک سٹوڈیو سیزن 14 کا پہلا گانا بن گیا جبکہ گوگل ٹرینڈ میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے گانوں میں بھی شامل ہوا۔
ڈاکٹر مہوش شریف
کہا جاتا ہے حوصلہ اور جذبہ بلند ہو تو کسی بھی قسم کی معذوری منزل تک پہنچنے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی۔ اس معاملے کو بلوچستان کی ڈاکٹر مہوش شریف نے سخت محنت اور مستقل مزاجی سے سچ کر دکھایا اور وہ پاکستان کی پہلی سماعت سے محروم ڈاکٹر ہیں۔ وہ اس وقت بلوچستان کے فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کے تپ دق وارڈمیں ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ 25 سالہ ڈاکٹر مہرش وسطی بلوچستان کے ضلع کچھی کے ایک دور افتادہ گاؤں سے تعلق رکھتی ہیں۔
بسمہ معروف
پاکستانی ویمن ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف سب سے زیادہ ایک روزہ میچز کھیلنے والے پاکستانی کرکٹر کا اعزاز اپنے نام کر چکی ہیں۔ یہ معروف واحد پاکستانی کرکٹر خاتون ہیں جنہوں نے جون 2022 میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی دونوں فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔  انٹرنیشنل ویمن کرکٹ کی تاریخ میں ون ڈے میچز میں سنچری کے بعد 3017 رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔  2006 میں کریئر کا آغاز کرنے والی بسمہ معروف 200 سے زائد میچز کھیل چکی ہیں۔ 2013 اور 2020 کے درمیان ٹیم کی کپتان بھی رہیں۔ بسمہ معروف کو صدرِ پاکستان کی جانب سے ان کی خدمات کے اعزاز میں 23 مارچ 2013 کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
    یقینی طور پر ان خواتین کی صلاحیتوں کو جاننے کے بعد اور آج خواتین کو عالمی دن مناتے ہوئے ہر لڑکی کو،جو کل کی خاتون ہے انہیں اپنے احساس کمتری کے خول سے باہر نکل کر اپنی صلاحیتوں اور خوبیوں کو بروئے کار لانا ہے۔اپنی پہچان خود بنانی ہے پھر نہ صرف ہم کامیاب اور خوشحال ہوں گے بلکہ ہمارا ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔اس لئے اپنی خوبیوں کو پہچانیں اور ہر مشکل کا سامنا کر کے آگے بڑھ جائیں جہاں ایک خوبصورت اور خوشگوار زندگی آپ کی منتظر ہے۔
آپ کو خواتین کا عالمی دن بہت بہت مبارک ہو!

 

Daily Program

Livesteam thumbnail