مقدسہ مریم ہماری مددگار
عالمگیر کلیسیا اکتوبر کے مہینے میں پاک روزی کی عبادت کے ذریعے مقدسہ مریم کے ساتھ اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کرتی ہے۔ مقدسہ مریم سے عقیدت کیتھولک مومنین کے ایمان، کلیسیائی تعلیمات اور روایات کا اہم ترین حصہ ہے۔پاک روزری کے بھیدوں پر دھیان دھیان کرتے ہوئے مومنین تاریخِ نجات کے اہم واقعات کو یاد کرتے ہیں اور مقدسہ مریم کی رفاقت سے فیض یاب ہوتے ہیں کیونکہ جہاں مقدسہ مریم ہے وہاں خوشی، شادمانی، صلح و سلامتی، اْمید اور نجات ہے۔مقدسہ مریم ہر لحاظ سے ہماری مددگار ساتھی ہے۔ وہ ایک عظیم ہستی ہے جو ہر وقت ہماری مدد کے لیے تیار رہتی ہے۔ جب بھی کسی نے اْسے مدد کے لیے پکارا وہ فوراً اْس کی مدد کے لیے موجود رہتی ہے۔ ہمارا ایمان ہے کہ آج بھی مقدسہ مریم ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔ وہ ہماری ماں ہونے کے ساتھ ساتھ ہماری مددگار ساتھی ہے جو ہماری خطاؤں کے باوجود اپنے بیٹے سے ہمارے لیے سفارشات کرتی ہے۔ اگر ہم یسوع کہ حقیقی پیروکار ہیں تو ہمیں بھی ماں اور بیٹے کے مشن میں متحد ہونا ہے۔ مقدسہ مریم فضل کا منبع ہے۔ آزمائشوں کے وقت وہ ہمیں سہارا دیتی ہے۔ وہ ہماری نیک مرضی کو مضبوطی عطا کرتی ہے۔ وہ پاکیزگی حاصل کرنے میں ہمیں ثابت قدم رکھتی ہے۔ وہ ہر مشکل میں ہمارا ساتھ دیتی ہے۔ آج بھی مقدسہ مریم ہماری خوشیوں اور غموں میں ہماری مدد کو آتی ہے۔ ہماری ضروریات کو اپنے بیٹے کے سامنے پیش کرتی ہے۔ مقدس دومینک جب بدعتوں کے خلاف لڑ رہے تھے تو انہوں نے خود کو مشکلات میں گھرِا ہوا پایا تب مقدسہ ما ں مریم اْن کے پاس تین فرشتوں کے ساتھ آئیں اور اْنھیں یہ کہتے ہوئے روزری دی کہ وہ روزی کی بدولت کامیابی حاصل کریں گے۔ مقدسہ مریم پاک روزری کے ذریعے ہمیں بھی اپنی سفارشات کی بدولت شیطان کے حملوں سے محفوظ رکھتی ہے اور اپنے بیٹے کی پیروی کرنے میں ہمارے مدد کرتی ہے۔ پاک ماں جس طرح یسوع کی خدمت، اذیتوں، صلیبی سفر اور صلیبی موت کے وقت اْس کے ساتھ رہی اسی طرح وہ ہماری روزمرہ کی مشکلات اور دکھوں میں بھی ہمیشہ ہمارے ساتھ رہتی، ہماری رہنمائی کرتی اور ہمیں حوصلہ و تسلی دیتی ہے۔بہت سے مقدسین مقدسہ مریم کو اپنا ہمسفر اور ساتھی کہتے ہیں۔ہمیں بھی اْن کی طرح مقدسہ مریم کو اپنا ہمسفر بنانا چاہیے کیونکہ وہ ہر وقت ہماری مدد کے لیے تیار رہتی ہے اور پاک روزری،ماں مریم کے ساتھ رہنے، اْس کی قربت حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
آئیں پاک روزی کے بابرکت مہینے میں روزی کے ذریعے مقدسہ مریم کو اپنی زندگیوں میں مددگار ساتھی بنائیں تاکہ وہ ہماری زندگی کی مشکلات اور پریشانیوں پر غالب ا سکے اور ہم ماں کی سفارشوں کی بدولت خدا سے ڈھیروں برکات پا سکیں۔