مقدسہ مریم رحم کی والدہ۔۔ ہماری مدد گار
مئی کا مہینہ روزری کا مہینہ ہے۔اس ماہ میں مومنین مقدسہ مریم کے ساتھ روزری کے ذریعے اپنی خصوصی اور گہری عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔کیتھولک روایات کے مطابق اس مہینے میں ہر گھر میں ہر خاندان میں روزری پڑھی جاتی ہے۔اور یقینی طور پر ہم مقدسہ مریم سے جب بھی کچھ مانگتے ہیں تو وہ ہمیں ضرور دیتی ہے۔روزری کی عبادت میں مقدسہ ماں کی لطانیہ بھی پڑھی جاتی ہے جس میں مقدسہ مریم کو بہت سے القابات سے پکارا جاتا ہے۔ جن میں ماں، کنواری اور ملکہ کا لقب بار بار استعمال ہوا ہے۔ ان تمام اور دوسرے القابات کے ساتھ ساتھ لطانیہ میں چار ایسی دعائیں بھی شامل کی گئی ہیں جن کا تعلق براہ راست مومنین کے شخصی یا جماعتی تجربے کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ یہ چار دعائیں ”اے شفاء بیماروں کی، اے پناہ گناہ گاروں کی،اے تسلی دلگیروں کی اور اے مدد مسیحیوں کی“ درحقیقت مقدسہ مریم کے ساتھ مومنین کے گہرے ایمانی تجربے کا نچوڑ ہیں۔تاریخی لحاظ سے دیکھا جائے تومقدسہ مریم کو جنگ اور مشکل وقت میں مدد فراہم کرنے والی ماں کے طور پر دیکھا اور محسوس کیا گیا ہے۔ 345 میں مقدس جان کِرزاسٹم نے یہ لقب پہلی بار استعمال کیا۔ اس کے علاوہ دیگر آبائی کلیسیا نے مقدسہ مریم کو ایمانداروں کی ماں کے طور پر پیش کیا۔ 1571 میں یورپ اور کلیسیا پر ایک ایسا مشکل اور کٹھن وقت آیا جب جنگ کے دوران یوں محسوس ہونے لگا کہ شایدیورپ سے مسیحی ایمان ختم کردیا جائے اور مسیحیوں کو شہید کردیا جائے،غلام بنا لیا جائے گا نیز باقی بچ جانے والوں کو مسیحی ایمان ترک کر کے جیناپڑے گا۔ان حالات میں پاپائے اعظم پائس پنجم نے تمام ایمانداروں سے پْر زور اپیل کی کہ وہ ایک دل اور یک جان ہو کر مقدسہ مریم مسیحیوں کی مدد سے روزہ رکھ کر التجاکریں تاکہ اْس کی مدد سے وہ اس مشکل سے رہائی پا سکیں۔پاپائے اعظم کا کامل یقین اور ایمان تھا کہ مقدسہ ماں ہماری ضرور مدد کر کے سب کو بچائے گی اور ان کی حفاظت کرے گی۔ درحقیقت ایسا ہی ہوا مقدسہ مریم نے اپنے بچوں کی مدد کی اور مسیحیوں کو فتح یابی نصیب ہوئی۔پورے یورپ میں مسیحی ایمان قائم اور محفوظ رہا اور آج تک زندہ، قائم اور دائم ہے۔ انیسویں صدی کے شروع میں شہنشاہ نپولین نے پاپائی ریاستوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی اور پاپائے اعظم پائس ہفتم کو ”ناپولی“ چھوڑنا پڑا۔جنگ کے خاتمے کے بعد پاپائے اعظم روم تشریف لائے اور مقدسہ مریم کی مدد کے لیے اس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے 24 مئی کو ”اے مدد مسیحیوں کی“ عید کا اعلان کیا اور اْس کے حضور اپنی عقیدت اور شکرگزاری پیش کی۔
کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ بہت سے لوگ یہ سوال کرتے نظر آتے ہیں کہ مقدسہ مریم سے کیوں مدد مانگی جائے،مدد تو ہمیشہ خدا سے مانگی جاتی ہے کیونکہ وہی سب کی مدد کرنے والا ہے۔
اس لیے مقدسہ ماں سے مدد مانگنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ یاد رکھیں خدا سے مدد مانگنا درست ہے مگر یہ بھی یاد رکھیں کہ مقدسہ مریم سے مدد کی التجا کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔مقدسہ ماں سے اس لیے بھی مدد مانگی جاتی ہے کیونکہ وہ مدد کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔قانائے گلیل کی شادی کا معجزہ بھی وہ پہلا معجزہ تھا جو یسوع نے اپنی ماں کے کہنے پر کیا۔ جب مے ختم ہوگئی تو ماں نے کہا ان کے پاس مے نہیں رہی۔یسوع نے فرمایا میرا وقت نہیں آیا۔ماں نے خادمین سے کہا جو کچھ یہ تم سے کہے وہ کرو۔اور ماں کے کہنے پر بیٹے نے قانائے جلیل کی شادی میں لوگوں کی مدد کی۔اور ماں نے اْن کی بے عزتی ہونے سے بچا لیا۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماں ہماری پرواہ کرتی ہے اور ہمارے کہے بنا ہمارا خیال رکھتی ہے۔مقدسہ ماں مریم اپنے بیٹے کے دْکھوں اور صلیبی موت کے وقت اْس کے ساتھ رہیں اور شاگردوں کے بھاگ جانے کے باوجود صلیب کے نیچے مضبوط چٹان کی مانند کھڑی رہی اور اپنے بیٹے کو چھوڑ کر نہیں گئی۔جس طرح مقدسہ ماں مریم اپنے بیٹے کے ساتھ رہی اور اْسے تنہا نہ چھوڑا اْسی طرح وہ ہمیشہ ہماری مدد گار بن کر ہمارے ساتھ مشکلات میں کھڑی ہو جاتی ہے اور ہمیں مشکل سے نکال لیتی ہے۔ کیونکہ وہ ہماری ماں ہے، جب ہم گرتے ہیں تو وہی ماں اْٹھا لیتی ہے۔ جب ہم بیمار ہوتے ہیں تو وہ بیماریوں کی شفا بن کر ہمیں شفاء دیتی ہے۔ جب ہم دلگیر ہوتے ہیں تو وہ ہماری تسلی بن جاتی ہے۔ جب ہم نااْمید ہوتے ہیں تو ہماری اْمید بن جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تمام مومنین ہمیشہ مقدسہ مریم کی مدد اور سفارش طلب کرتے ہیں اور اس کی سفارش سے برکات حاصل کرتے ہیں۔ یاد رکھیں ہم خدا سے دْعا کرتے ہیں اور مقدسہ مریم سے التجا کرتے ہیں کیونکہ وہ ہمیشہ سے اپنے بچوں کی مدد کرتی ہے۔کیونکہ ْدکھ میں ماں کے پاس ہی جایا جاتا ہے۔ماں مریم مومنین کی ماں ہے جس کے پاس ہر دکھ کا علاج ہے۔ ماں ہمیشہ اچھے ڈاکٹر کے پاس لے کر جاتی ہے اور مقدسہ مریم کو پتہ ہے کہ معالجِ عظیم صرف اس کا بیٹا یسو ع مسیح ہے۔
ابتدائی کلیسیا سے لے کر آج تک مقدسہ مریم ایمانداروں کی حمایت کے لئے مددگار کے طور پر کھڑی ہے اور اس کی مادرانہ مدد کی تاریخ گواہ بھی ہے۔یاد رکھیں مقدسہ مریم کا ریسکیو مشن جاری و ساری ہے۔ ایک دفعہ کال کر کے دیکھیں۔موجودہ حالات میں ہر کوئی پریشان ہے، دْکھی ہے اور گھٹن کا شکار ہے۔ اس لیے آئیں اس مقدس مہینے میں پورے یقین اور اعتماد کے ساتھ روزری پڑھتے ہوئے مقدسہ مریم کی مدد طلب کریں۔تا کہ جس طرح وہ تاریخ میں ہماری مدد کرتی رہی ہے، وہ ا ب بھی ہماری زندگیوں میں ہمارے مشکل وقت میں ہماری مدد کے لئے آئے گی اور ہمیں رہائی دلوائی گئی۔ کیونکہ وہ یقینی طور پر رحم کی والدہ اور ہماری مددگار ہے۔