سْپر ہیومن(محبت کرنے والے لوگ)
محبت کرنے والوں کی آج تک سمجھ نہیں آئی،کوئی نہیں جانتا کس خمیر سے بنے ہوتے ہیں۔آپ سے محبت کرنا ان کی مجبوری ہوتی ہے۔یہ مجبوری ان کی کمزوری ہوتی ہے اور پھر اسی کو اپنی طاقت بھی بنا لیتے ہیں۔ایسا لگتا ہے کہ جیسے محبت کرنے والے سپر ہیومن ہوتے ہیں۔یہ سپر ہیومن آپ کے مشکل وقت میں آپ کے ساتھ ساتھ ہوتے ہیں اور آپ کے لئے آسانیا ں پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔شاید محبت کرنے والے ان لوگوں کو عجیب کہنا مناسب نہیں البتہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ لوگ بہت منفرد ہوتے ہیں۔ان کی انفرادیت ظاہر کرنے کے لئے یہی بات کافی ہے کہ آپ کی غلطیاں ان کے سامنے ہوتی ہیں مگر وہ بڑی خوبصورتی سے انہیں نظر انداز کر جاتے ہیں۔ خامیاں بھی خوبیاں بن جاتی ہیں۔اور حیرت کی بات یہ ہے کہ اس معاملے میں وہ دنیا کی بھی پرواہ نہیں کرتے لیکن آپ کو حیران ضرور کرتے ہیں۔کیونکہ جب آپ کی بات ہو تو وہ دماغ کی نہیں دل کی سنتے ہیں۔آپ سے وابستہ ان کے تلخ فیصلے بھی آپ کی بہتری کے لئے ہوتے ہیں جن کو اْس وقت تک نہیں سمجھا جا سکتا جب تک آپ کے اندر وہ حِس بیدار نہ ہو جس کو محبت کہتے ہیں۔ اکثر اوقات یہ اپنی بات سناتے نہیں ہیں مگر آپ کی بات پوری توجہ سے سنتے ہیں۔یہ محبت کرنے والے بھی بہت مختلف ہوتے ہیں۔ آپ کی پریشانی لمحوں میں بھانپ لیتے ہیں اور کیوں کہ یہ آپ کو کبھی پریشان نہیں دیکھ سکتے، اس لئے آپ کی پریشانی اور تکلیف کو ختم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ یہ آپ کو کبھی پریشان بھی نہیں ہونے دیتے۔ وہ اپنی پریشانیاں سنا سنا کر آپ کو پریشان بھی نہیں کرتے۔یہ محبت کرنے والے بھی کتنے حساس ہوتے ہیں!آپ کے ہر درد کو محسوس تو کرتے ہیں مگر اپنی ذات سے آپ کو درد دینے کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ آپ کو دیکھتے ہیں تو اپنے اندر تک خوشی محسوس کرتے ہیں مگر جب تکلیف میں دیکھیں تو تڑپ جاتے ہیں۔بے چین ہو جاتے ہیں،مگر آپ کوآپ کی ہی تکلیف کا احساس دلاکر مزید تکلیف نہیں بڑھاتے۔آپ کا دھیان اْس پریشانی سے ہٹانے میں لگے ہوتے ہیں مگر خود اْن کا پورا دھیان آپ کی بات پر ہوتا ہے کہ آپ کی تکلیف کیسے دور کی جا سکے۔ اندر ہی اندر اس بارے میں سوچتے رہتے ہیں۔ اکثر بے دھیانی میں بھی آپ ہی کا دھیان رکھتے ہیں۔ سب سے مختلف ہوتے ہیں یہ محبت کرنے والے بھی۔ ان کا بس نہیں چلتا کہ چاند تارے توڑ کر آپ کے قدموں میں ڈھیر کردیں۔ یہ آپ کے خوابوں کی تکمیل میں آپ کے لئے آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک وقت اہم ہیں، نہ موسم۔اہم ہے تو بس آپ کا کہا، آپ کی خواہش اور آپ کی خوشی۔ ان کو اپنے آرام کا خیال نہیں ہوتا ہے نہ ہی خود کی کوئی پرواہ ہوتی ہے۔ محبت کے معاملے میں وقت کی قید سے آزاد ہوتے ہیں۔
یہ آپ کا ماضی نہیں دیکھتے بلکہ آپ کے مستقبل کی فکر کرتے ہیں۔ یہ محبت کرنے والے اپنی موجودگی کا احساس دلائیں یا نہ دلائیں لیکن یہ ہر وقت آپ کے اطراف موجود ہوتے ہیں اور اگر خود موجود نہ بھی ہوں تب بھی اْن کی دعائیں آپ کا حصار کیے رہتی ہیں۔ کبھی کبھی آپ ان کی بے تحاشا محبتوں سے اْکتا جاتے ہیں مگر اس بات سے ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ان کی محبتوں میں کبھی کمی نہیں آتی۔ محبت سے سرشار، یہ باکمال لوگ کیا ہی زبردست سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ بے لوث اور پْرخلوص محبت کا کھاتہ کھول کر بیٹھے ہوتے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ محبت کے بینک اکاؤنٹ میں اپنی محبت کی شدت کو ڈیپوزٹ کراتے رہتے ہیں۔ اس سرمایہ کاری میں ان کو اپنے سرمائے کے ڈوبنے کی بھی پرواہ نہیں ہوتی اور پھر اپنا سارا منافع بھی آپ پر ہی خرچ کر دیتے ہیں۔ ان کی طلب بڑی محدود ہوتی ہے، جو آپ سے شروع ہوکر آپ پر ہی ختم ہو جاتی ہے۔ آپ ان کے ساتھ رابطے میں رہیں یا نہ رہیں۔یہ اپنارابطہ آپ سے ختم نہیں کرتے۔ ایسے محبت کرنے والے نا جانے کون سی فریکوئینسی پر چلتے ہیں کہ بس ان کی ایک ہی خواہش ہوتی ہے کہ آپ کی تھوڑی سی توجہ مل جائے۔
عمر بھر آپ پیسے دے دے کر چیزوں کی خرید و فروخت کرتے ہیں مگر کبھی سوچا ہے کہ یہ آپ کو اپنا قیمتی وقت دے رہے ہوتے ہیں جو کہ سب سے زیادہ انمول ہے۔ تو پھر اپنے اطراف نظر دوڑائیں اوراپنے قریب موجودمحبت کرنے والوں کا خیال کریں۔ آپ کی تھوڑی سی توجہ کے منتظر، پْر خلوص محبت کے امین یہ لوگ ہی آپ کا اصل اثاثہ ہیں۔ کتنے خوش قسمت ہیں آپ کہ ایسے نایاب لوگ آپ سے محبت کرتے ہیں۔ آپ ان کی قدر کیجئے۔ ان کی محبت کی قدر کیجئے۔ کیونکہ ایسے لوگ قسمت والوں کو ہی ملتے ہیں اور آج کل کے دور میں تو ایسے لوگ ملنا بہت ہی مشکل ہے۔ اس لیے اگر آپ کی زندگی میں آپ کے اِرد گرد ایسے لوگ موجود ہیں جو آپ سے پیار کرتے ہیں تو انھیں بدلے میں اسی طرح انہیں محبت د یں کیونکہ چاہے جانا ان کا بھی تو حق ہے ناں!