آمد کا موسم:خاندان میں اْمید،محبت اور امن کے ایام
کرسمس سے پہلے کے دن، جنہیں آیڈوینٹ ڈیز کہا جاتا ہے، نہ صرف مسیحی روایت میں اہمیت رکھتے ہیں بلکہ یہ دن ہر خاندان کے لیے محبت، اتحاد اور اْمید کا پیغام بھی دیتے ہیں۔ لفظAdventلاطینی زبان کے لفظAdventusسے نکلا ہے، جس کے معنی ہیں ”آنے والا“یا ”آمد“۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ زندگی میں روشنی، سکون اور خوشی کی تیاری پہلے دل اور خاندان سے شروع ہوتی ہے۔
آیڈونٹ چار اتواروں پر مشتمل ہوتا ہے اور ہر اتوار کا اپنا ایک خاص مطلب ہوتا ہے:
پہلا اتوار – اْمید (Hope): یہ دن خاندان کے ہر فرد کو یاد دلاتا ہے کہ مشکلات کے باوجود ہم ایک دوسرے کے ساتھ رہ کر اْمید قائم رکھ سکتے ہیں۔
دوسرا اتوار – امن (Peace): یہ دن خاندان میں صلح، سمجھوتے اور دل کی صفائی کی اہمیت سکھاتا ہے۔
تیسرا اتوار – خوشی (Joy): خاندان کے ساتھ ہنسی خوشی کے لمحات بانٹنا اور چھوٹی خوشیوں میں شریک ہونا زندگی کی اصلی خوشی ہے۔
چوتھا اتوار – محبت (Love): یہ دن یاد دلاتا ہے کہ خاندان میں حقیقی محبت ایک دوسرے کے لیے قربانی اور خدمت میں چْھپی ہوتی ہے۔
آمدکی سب سے پہچانی جانے والی علامت ایڈونٹ رِیت(Advent Wreath) ہے، جس میں چار موم بتیاں ہر اتوار پر جلائی جاتی ہیں۔
یہ خوشیوں بھرے اور بابرکت ایام ہمیں یہ سکھاتے ہیں کہ خوشیوں اور سکون کی بنیاد محبت، خدمت اور احترام ہے۔ جب خاندان کے تمام ا فراد ایک دوسرے کی قدر کریں، لڑائی جھگڑوں کو بْھلادیں اور مشکلات میں ایک دوسرے کا سہارا بنیں، تو گھر میں حقیقی خوشی اور سکون قائم ہوتا ہے۔
آمدکے ایام صرف کرسمس کی تیاری نہیں، بلکہ یہ خاندان کے ہر فرد کو یاد دلاتے ہیں کہ ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنا، محبت بانٹنا اور اْمید قائم رکھنا زندگی کا سب سے بڑا تحفہ ہے۔ جب خاندان کے لوگ ایک ساتھ مل کر چھوٹی خوشیوں، دْعاؤں اور محبت کے لمحات بانٹتے ہیں، تو نہ صرف گھر میں سکون آتا ہے بلکہ ہر فرد اپنی زندگی میں خوش اور پْراْمید رہتا ہے۔
خاندان کی اصل طاقت محبت، اْمید اور ایک دوسرے کے لیے قربانی میں ہے۔ آمد کے ایام ہمیں یہی سبق دیتے ہیں کہ یہ لمحات خوشیاں بانٹنے اور دلوں کو قریب لانے کے لمحے ہیں۔خدا کرے اِن ایام کے وسیلے ہم خدا کے اور قریب ہو سکیں اور نا صرف دنیاوی بلکہ روحانی طور پر بھی خود کو تبدیل کر تے ہوئے ایمان میں مضبوط ہو سکیں۔